وہاڑی،گگومنڈی(نامہ نگار،نمائندہ قوم) وہاڑی کی تحصیل بورے والا میں قتل کیس کی پیروی کر کے واپس آنے والے دو بھائی فائرنگ سے جاں بحق تفصیلات کے مطابق بورے والا میں قتل کے ایک مقدمے میں نامزد ملزم صدیق الرحمان ولد مرزا انجم خان قوم خٹک پٹھان، سکنہ بنوں کے بھائی نور الرحمان اور قاسم کو نامعلوم موٹر سائیکل سوار ملزمان نے فائرنگ کر کے قتل کر دیا۔ذرائع کے مطابق دونوں بھائی قتل کے مقدمے کی پیروی کے سلسلے میں کچہری آئے تھے۔ واپسی پر جب وہ پیدل چونگی نمبر5 کی جانب سرکاری ریسٹ ہاؤس کے سامنے پہنچے تو نامعلوم موٹر سائیکل سواروں نے ان پر اندھا دھند فائرنگ کر دی۔ دونوں افراد کے سروں پر گولیاں لگیں اور وہ موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے۔ اطلاع ملتے ہی پولیس موقع پر پہنچ گئی، لاشوں کو تحویل میں لے کر قانونی کارروائی شروع کر دی گئی ۔ ابتدائی تحقیقات کے مطابق فائرنگ کا یہ افسوسناک واقعہ دونوں گروپوں کے درمیان جاری دیرینہ دشمنی کا شاخسانہ معلوم ہوتا ہے۔ملزمان کی تلاش کے لیے علاقے کی ناکہ بندی کر کے مختلف پہلوؤں سے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا۔







