لاہور: چیئرمین پاکستان علماء کونسل مولانا طاہر اشرفی نے کہا ہے کہ سوشل میڈیا پر نفرت انگیز اور غیر ذمہ دارانہ مواد کی روک تھام کے لیے بھرپور اقدامات کیے جا رہے ہیں، جبکہ ملک میں امن، اتحاد اور استحکام کے فروغ کے لیے علماء اپنا کردار جاری رکھیں گے۔
علماء و مشائخ کانفرنس کے اعلامیے سے خطاب کرتے ہوئے مولانا طاہر اشرفی نے ہر قسم کی دہشت گردی، انتہا پسندی اور خودکش حملوں کی سخت الفاظ میں مذمت کی۔ انہوں نے کہا کہ وطن کے دفاع میں جان قربان کرنے والے شہداء قوم کا فخر ہیں اور ان کے اہلِ خانہ کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ جو بھی پیغامِ پاکستان کی خلاف ورزی کرے گا، پاکستان علماء کونسل اس کی حمایت نہیں کرے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ سوشل میڈیا پر قانون اور ضابطوں کے مؤثر نفاذ کے لیے متعلقہ اداروں کے ساتھ تعاون کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے حالیہ دنوں ایک ٹی وی پروگرام کے حوالے سے کہا کہ متعلقہ اداروں نے اس معاملے پر فوری کارروائی کی۔
مولانا طاہر اشرفی نے کہا کہ ہزاروں علماء نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا ہے۔ ان کے مطابق ملک میں امن و استحکام برقرار رکھنے کے لیے تمام مذہبی قیادت کو متحد ہو کر کردار ادا کرنا ہوگا۔
انہوں نے مزید کہا کہ مسلح افواج کی قیادت نے امتِ مسلمہ کو بڑے تنازع سے بچانے میں اہم کردار ادا کیا، جبکہ وزیراعظم کی کوششیں بھی قابلِ قدر ہیں۔ مدارس کو درپیش مسائل کے حل کے لیے بھی مسلسل اقدامات جاری ہیں۔
آخر میں انہوں نے کہا کہ ملک میں امن کے قیام کے لیے جہاں بھی ضرورت پڑی، علماء و مشائخ اپنا کردار ادا کریں گے اور قومی یکجہتی کے فروغ کے لیے ہر ممکن تعاون جاری رکھا جائے گا۔







