لاہور: جماعت اسلامی پاکستان کے نائب امیر لیاقت بلوچ نے آزاد کشمیر کے حالیہ انتخابات پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ انتخابی عمل کو متنازع بنانے سے کشمیری عوام کے مسائل مزید پیچیدہ ہو سکتے ہیں۔
اپنے بیان میں لیاقت بلوچ نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) اور پاکستان پیپلز پارٹی نے انتخابات کے حوالے سے ایک دوسرے پر الزامات عائد کر کے سیاسی صورتحال کو مزید کشیدہ بنا دیا ہے۔ ان کا مؤقف تھا کہ دونوں جماعتیں ہائبرڈ نظام کا حصہ ہیں اور دھاندلی کے الزامات کے ذریعے عوام کو گمراہ کرنے کی کوشش کر رہی ہیں۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ آزاد کشمیر میں کنٹرولڈ، ہائبرڈ اور مبینہ طور پر انجینئرڈ انتخابات خطے کے حالات کو مزید خراب کر سکتے ہیں، اس لیے شفاف اور غیر جانبدار انتخابی عمل ناگزیر ہے۔
لیاقت بلوچ نے راولاکوٹ کی صورتحال کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے ساتھ مذاکرات ہی مسئلے کا مؤثر اور دیرپا حل ثابت ہو سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی موجودہ حالات میں بھی امن، مذاکرات اور ثالثی کے ذریعے مسائل کے حل کے لیے اپنا کردار ادا کرتی رہے گی۔







