عالمی منڈی میں خام تیل سستا، ایران پر امریکی حملے رکنے کے بعد قیمتیں ایک ہفتے کی کم ترین سطح پر پہنچ گئیں
عالمی سطح پر خام تیل کی قیمتوں میں نمایاں کمی دیکھنے میں آئی ہے، جہاں ایران پر امریکی حملوں کے رکنے کے بعد مارکیٹ میں مسلسل گراوٹ کا رجحان برقرار ہے۔
بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق پیر کے روز کاروبار کے اختتام پر عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتیں گزشتہ ایک ہفتے سے زائد عرصے کی کم ترین سطح پر بند ہوئیں۔
برینٹ خام تیل کی قیمت میں 8.42 ڈالر یا 8.7 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی، جس کے بعد اس کی قیمت 88.36 ڈالر فی بیرل تک آ گئی۔ یہ 17 جولائی کے بعد برینٹ آئل کی سب سے کم سطح قرار دی جا رہی ہے۔
ادھر امریکی ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ (WTI) خام تیل بھی نمایاں سستا ہوا۔ اس کی قیمت 6.70 ڈالر یا 7.5 فیصد کمی کے بعد 82.61 ڈالر فی بیرل پر بند ہوئی۔
ماہرین کے مطابق مشرق وسطیٰ میں کشیدگی میں کمی اور سپلائی سے متعلق خدشات کم ہونے کے باعث عالمی تیل مارکیٹ میں قیمتوں پر دباؤ برقرار ہے۔







