سیلابی صورتحال: جلالپور میں بند، لاہور سیکشن پر ریلوے پل تباہ، پانچ بستیاں زیرآب

ملتان،جلال پور،لاہور(قوم نیوز،نامہ نگار، بیورو رپورٹ)دریائے چناب میںسیلابی صورتحال کے باعث جلال پورمیں بند،لاہورسیکشن پر ریلوے پل تباہ ہوگیا، 5 بستیاں زیرآب آگئیں۔تفصیل کے مطابق دریائے چناب میں پانی سطح میں مسلسل اضافے کے باعث تحصیل جلالپورپیروالا میں زمیندارہ بند ٹوٹنے سے 5 بستیاں زیرآب آگئیں۔دریا کے کنارے آباد علاقوں سے مکینوں نے بڑے پیمانے پر نقل مکانی کی جبکہ دریائے سندھ میں پانی کی سطح بڑھنے سے بند ٹوٹنے پر رحیم یارخان کے تین دیہات میں پانی داخل ہوگیا اور کھڑی فصلیں پانی میں ڈوب گئیں۔شیخوپورہ میں گاؤں ہڈیالہ ورکاں سمیت کئی بستیاں زیرآب آگئیں اور تیار فصلیں شدید متاثر ہوئیں، سلابی ریلے کی زد میں آکر شیخوپورہ لاہور سیکشن پر ریلوے ٹریک پل ٹوٹ گیا جس کے باعث لاہور، فیصل آباد سیکشن پر متعدد ٹرینیں منسوخ کر دی گئیں اور کچھ کا روٹ تبدیل کر دیا گیا۔دریائے راوی میں سدھنائی کے مقام پر درمیانے درجے کا سیلاب ہے جبکہ دریائے سندھ میں کالا باغ، چشمہ، تونسہ اور گڈو کے مقام پر نچلے درجے کا سیلاب ہے۔ گڈو اور سکھر بیراج پر پانی سطح بڑھنے کا خدشہ ہے۔ دریائے چناب میں ہیڈ خانکی، قادرآباد اور تریمو پر بھی نچلے درجے کا سیلاب ہے۔پنجاب بھر میں ڈیموں، دریاؤں، نہروں اور جھیلوں میں تیراکی اور بغیراجازت کشتی رانی پر پابندی عائد کر دی گئی ہے، دفعہ 144 کے تحت گلیوں، سڑکوں ، کھلی جگہوں پر بارش کے جمع شدہ پانی میں نہانے پر بھی پابندی ہوگی۔جلال پورپیروالہ سےنامہ نگار کےمطابق دریائے چناب میں نچلے درجے کے سیلاب نے بیٹ کے علاقوں کے مواضعات وچھہ سندیلہ، نڑول،شاہ پور سمیت دیگر مواضعات کے نشیبی علاقے بری طرح متاثر ہو گئے ہیں. اور ان علاقوں میںسینکڑوں ایکڑ اراضی پر کھڑی فصلیں زیرآب آگئی ہیں.وچھہ سندیلہ سے بستی بخش کا رابطہ منقطع ہو گیا ہے جبکہ ایک طرف سیلابی پانی لاڑ جنوبی سے بصیرہ جانیوالی سڑک کو کراس کرچکا ہے۔ سیلابی پانی بستی جھنگی احمد خان کو کراس کرکے موضع بیٹ کیچ جنوبی کی بستی درکھان والی میں داخل ہوگیا ہے۔ دوسری طرف بیٹ مغل کا عوامی زمیندارہ حفاظتی بند بھی سیلاب میں بہہ گیا ہے۔میلسی سےنمائندہ قوم کےمطابق اڈا ہری چند کرم پور روڈ کے ایک گھر کی چھت گرنے سے ایک بچی جاںبحق، پانچ افراد زخمی ہو گئے۔ریسکیو آپریشن کے ذریعے ملبے تلے افراد کو نکال لیا گیا۔ واقعہ چھت پر پانی کھڑا ہو جانے کے باعث چھت کے شکستہ حال ہو جانے کے باعث پیش آیا۔پانچوں زخمی افراد اور بچی کی ڈیڈ باڈی کو تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال میلسی شفٹ کر دیا گیا۔

شیئر کریں

:مزید خبریں