اسلام آباد: پاکستان تحریکِ انصاف نے آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کے انتخابات پر ردعمل دیتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ ووٹنگ کے دوران عوام کی کم شرکت انتخابی عمل پر سوالات اٹھا رہی ہے، جبکہ متعدد پولنگ اسٹیشنز پر ووٹرز کی حاضری انتہائی کم رہی۔
پارٹی کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ پاکستان تحریکِ انصاف پہلے ہی ان انتخابات کے بائیکاٹ کا اعلان کر چکی تھی کیونکہ موجودہ حالات میں آزاد، شفاف اور غیر جانبدار انتخابات کا انعقاد ممکن نہیں تھا۔
پی ٹی آئی کا کہنا ہے کہ ملک کی بڑی سیاسی جماعت کی عدم شمولیت کے باعث انتخابی عمل کی ساکھ متاثر ہوئی ہے۔ بیان میں الزام عائد کیا گیا کہ مسلم لیگ (ن) اور پاکستان پیپلز پارٹی اقتدار کی سیاست میں مصروف ہیں، جبکہ عوامی اعتماد، شفافیت اور حقیقی نمائندگی کو نظر انداز کیا جا رہا ہے۔
پارٹی کے مطابق ایسے حالات میں انتخابی نتائج کو عوام کی حقیقی رائے کا مظہر قرار نہیں دیا جا سکتا۔ پی ٹی آئی نے دعویٰ کیا کہ آزاد کشمیر کے عوام نے کم ووٹر ٹرن آؤٹ اور احتجاجی سرگرمیوں کے ذریعے اپنا مؤقف واضح کر دیا ہے۔
پاکستان تحریکِ انصاف نے مطالبہ کیا کہ ملک میں حقیقی جمہوری عمل کے فروغ کے لیے تمام سیاسی جماعتوں کو مساوی مواقع فراہم کیے جائیں اور ایسا انتخابی ماحول یقینی بنایا جائے جو آزاد، منصفانہ اور شفاف انتخابات کی ضمانت دے۔







