کراچی کے حقوق کے لیے عوام سڑکوں پر آئیں گے، لاہور 50 سال آگے نکل چکا، مصطفیٰ کمال

کراچی: متحدہ قومی موومنٹ (پاکستان) کے سینئر مرکزی رہنما اور وفاقی وزیر سید مصطفیٰ کمال نے اعلان کیا ہے کہ ایم کیو ایم پاکستان کراچی کے شہری مسائل اور حقوق کے لیے بھرپور عوامی تحریک شروع کرے گی اور آئینی و جمہوری دائرے میں رہتے ہوئے احتجاج کا راستہ اختیار کرے گی۔
کراچی میں مرکزی کمیٹی اور پارٹی کے ارکانِ اسمبلی کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے مصطفیٰ کمال نے کہا کہ اس بریفنگ کا مقصد سندھ، خصوصاً کراچی کو درپیش بنیادی مسائل کو اجاگر کرنا اور آئندہ کی حکمت عملی سے آگاہ کرنا ہے۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ سندھ کو وفاق سے 2 ہزار 238 ارب روپے موصول ہوئے جبکہ گزشتہ 18 برس کے دوران مجموعی طور پر 22 ہزار ارب روپے سے زائد فنڈز ملے۔ ان کے مطابق اس آمدن میں کراچی کا بڑا حصہ ہونے کے باوجود شہر کو صرف 680 ارب روپے فراہم کیے گئے، جو کراچی کے ساتھ ناانصافی ہے۔
مصطفیٰ کمال کا کہنا تھا کہ کراچی ملکی معیشت میں کلیدی کردار ادا کرتا ہے، لیکن اس کے باوجود شہر کو اس کے وسائل کے مطابق ترقیاتی فنڈز نہیں مل رہے۔ انہوں نے کہا کہ 2010 سے قبل کراچی کو وفاقی فارمولے کے تحت وسائل فراہم کیے جاتے تھے، تاہم بعد ازاں صوبائی حکومت فنڈز وصول کرنے کے باوجود شہر کو اس کا مناسب حصہ نہیں دے رہی۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ اگر کراچی کو اس کا جائز حق ملتا تو شہر میں بہتر اسپتال، جدید سڑکیں، روزگار کے مواقع اور ترقیاتی منصوبے تیزی سے مکمل ہو سکتے تھے۔ انہوں نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ گزشتہ 18 برس میں تقریباً 2 ہزار ارب روپے کے ترقیاتی فنڈز کی کمی رہی، جس کے باعث شہر کا انفراسٹرکچر متاثر ہوا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کی معاشی بحالی میں کراچی مرکزی کردار ادا کر سکتا ہے، مگر شہر کی صلاحیتوں سے بھرپور فائدہ نہیں اٹھایا جا رہا۔ ان کے بقول لاہور ترقی کے لحاظ سے کراچی سے تقریباً 50 سال آگے نکل چکا ہے، جبکہ سندھ حکومت کراچی کے مسائل حل کرنے میں ناکام رہی ہے۔
مصطفیٰ کمال نے سندھ میں تعلیم، صحت اور بلدیاتی سہولیات کی صورتحال پر بھی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ کئی سرکاری اسکول بنیادی سہولتوں سے محروم ہیں، لاکھوں بچے تعلیم سے باہر ہیں، جبکہ صحت اور شہری خدمات کے شعبوں میں بھی سنگین مسائل موجود ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ اسمبلیوں کے اندر بارہا آواز اٹھانے کے باوجود خاطر خواہ نتائج سامنے نہیں آئے، اس لیے اب ایم کیو ایم پاکستان آئین اور قانون کے دائرے میں رہتے ہوئے عوام کو متحرک کرے گی اور کراچی کے حقوق کے حصول کے لیے احتجاجی تحریک چلائے گی۔

شیئر کریں

:مزید خبریں