کراچی: عالمی اور مقامی صرافہ مارکیٹوں میں سونے اور چاندی کی قیمتوں میں کمی کا سلسلہ جاری ہے۔ ماہرین کے مطابق امریکا اور ایران کے درمیان جاری کشیدگی، آبنائے ہرمز سے متعلق خدشات، خام تیل کی عالمی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ اور امریکی فیڈرل ریزرو کے آئندہ اجلاس سے قبل بلند شرح سود کی توقعات نے قیمتی دھاتوں کی قیمتوں کو متاثر کیا ہے۔
بین الاقوامی بلین مارکیٹ میں فی اونس سونے کی قیمت 46 ڈالر کمی کے بعد 4,050 ڈالر پر آگئی۔ عالمی مارکیٹ میں اس کمی کے اثرات مقامی صرافہ بازار پر بھی مرتب ہوئے، جہاں فی تولہ سونا 4,600 روپے سستا ہو کر 4 لاکھ 27 ہزار 436 روپے میں فروخت ہونے لگا۔
اسی طرح 10 گرام سونے کی قیمت میں 3,944 روپے کی کمی ریکارڈ کی گئی، جس کے بعد نئی قیمت 3 لاکھ 66 ہزار 457 روپے ہوگئی۔
دوسری جانب عالمی مارکیٹ میں فی اونس چاندی کی قیمت 61 سینٹس کم ہو کر 58 ڈالر 30 سینٹس رہ گئی۔ اس کے نتیجے میں مقامی مارکیٹ میں فی تولہ چاندی 61 روپے سستی ہو کر 6 ہزار 309 روپے جبکہ 10 گرام چاندی 53 روپے کمی کے بعد 5 ہزار 408 روپے میں فروخت ہونے لگی۔







