ملتان( خصوصی رپورٹر) گھنٹہ گھر میڈیسن مارکیٹ میں ایف آئی اے اور ڈرگ کنٹرولر کا مشترکہ چھاپہ، جنسی ادویات سمیت جعلی و غیر رجسٹرڈ ادویات کا بھاری ذخیرہ برآمد ، دکان سربمہر کردی گئی تفصیل کے مطابق ایف آئی اے ملتان زون کی ٹیم نے گزشتہ روز میڈیسن مارکیٹ گھنٹہ گھر میں ایک بڑی کارروائی کی جس میں سب انسپکٹر طاہر اوصاف، ڈپٹی ڈرگ کنٹرولر صابر علی ، ڈرگ انسپکٹر عادل شاہ اور ڈرگ انسپکٹر شہزاد اختر سمیت ،اے ایس آئی ایف آئی اے مسرور احمد، کانسٹیبل نعیم میرانی ، کانسٹیبل فہیم خان نے حصہ لیا۔ ٹیم نے الفرید ٹریڈرز میڈیسن مارکیٹ گھنٹہ گھر ملتان پر چھاپہ ماراجہاں سے بڑی مقدار میں غیر قانونی، جعلی، غیر رجسٹرڈ اور اسپیوریس (Spurious) ادویات برآمد ہوئیں۔جن کی ماليت لاکھوں روپے بتائی گئی۔کارروائی کے دوران برآمد ہونے والی ادویات کو ڈرگ انسپکٹر اور متعلقہ ہیلتھ اتھارٹیز کی موجودگی میں مروجہ قوانین کے مطابق سیل کر دیا گیا، جبکہ شواہد قبضے میں لے کر مزید قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ معلوم ہوا ہے کہ ایف آئی اے اور ڈرگ کنٹرولر پر مشتمل ٹیم کی جانب سے الفرید ٹریڈرز سے برآمد ہونے والی جعلی اور غیر رجسٹرڈ جنسی ادویات میں ویاگرا، سیالس، ویمیکس، نائٹ رائیڈر، سپائیڈر مین و دیگر شامل ہیں جوکہ مردانہ طاقت کے استعمال کے لئے فروخت کی جارہی تھیں۔ گھنٹہ میڈیسن مارکیٹ میں ممنوعہ جعلی و غیر رجسٹرڈ جنسی ادویات کی فروخت و سپلائی کا دھندہ عرصہ دراز سے جاری، الفرید ٹریڈر کے مالک محمد یاسین نے ایف آئی اے اور ڈرگ کنٹرولرز کے جاتے ہی سربمہر دکان کے تالے توڑ کر دکان دوبارہ کھول لی ، مکروہ دھندے میں ملوث دکاندار عادی مجرم اور متعدد مقدمات میں ملوث ہونے کا بھی انکشاف ہوا ہے ۔ ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ منگل اور بدھ کی رات الفرید ٹریڈرز پر ایف آئی اے اور ڈرگ کنٹرولرز کے مشترکہ چھاپے میں جنسی ادویات کی بڑی مقدار برآمد ہونے کے بعد ٹیم نے الفرید ٹریڈر کو سیل کر دیا تھا اس حوالے سے ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ الفرید ٹریڈر کے مالک محمد یاسین نے ٹیم کے جاتے ہی دکان کے تالے پر لگی سیلیں از خود توڑ دیں اور دکان دوبارہ کھول لی معلوم ہوا ہے کہ بدھ کی صبح بھی دکان کھول کر سامان نکالا جاتا رہا بعد ازاں اسے بند کر دیا گیا تاہم تالوں پر لگی سیل ٹوٹی ہوئی صاف دکھائی دے رہی تھی۔ذرائع سے یہ بھی معلوم ہوا ہے کہ ملزم محمد یاسین عرصہ دراز سے میڈیسن مارکیٹ گھنٹہ گھر میں ملتان سمیت جنوبی پنجاب میں جنسی ادویات سمیت جعلی اور غیر رجسٹرڈ میڈیسن کی فروخت و سپلائی کے دھندے میں ملوث چلا آ رہا ہے اور اس دھندے سے باز نہیں آرہا ۔ اس حوالے سے روزنامہ” قوم “نے ڈپٹی ڈرگ کنٹرولر صابر علی کا مؤقف جاننے کے لئے رابطہ کیا تو انہوں نے بتایا کہ جعلی و غیر رجسٹرڈ ادویات قبضہ میں لیکر دکان کو سیل کر دیا گیا تھا، اگر سیلیں توڑی گئی ہیں تو دکان مالک کے خلاف اس کا ایک اور مقدمہ درج کرایا جائے گا۔ صابر علی نے مزید بتایا کہ ملزم محمد یاسین کے خلاف قبل ازیں بھی چار سے زائد مقدمات درج ہیں اس لیے اس کے ساتھ کوئی رعایت نہیں کی جائے گی، جنسی ادویات کی برآمدگی کا چالان مرتب کرکے جلد ہی مقدمے کے اندراج اور ملزم کی گرفتاری کی کوشش کی جائے گی ۔







