جنوبی پنجاب سیکرٹری سمیٹنے کا آغاز، ڈپٹی سیکرٹری کی 9 آسامیاں ختم، تحریک کی تیاری شروع

ملتان (وقائع نگار)جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ میں ڈپٹی سیکرٹری کی 9 اسامیاں ختم کردی گئیں۔جنوبی پنجاب سیکر سیکرٹریٹ کے خاتمے کے سلسلے کا پہلا مرحلہ مکمل کر لیا گیا ہےجس کے تحت سیکرٹریٹ سے ڈپٹی سیکرٹری (گریڈ 18) کی 9 اسامیاں ختم کر دی گئی ہیں۔ اس سلسلے میں باضابطہ نوٹیفیکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے۔نوٹیفیکیشن کے مطابق مندرجہ ذیل اسامیاں ختم کی گئی ہیں محکمہ بلدیات جنوبی پنجاب کی 2،محکمہ خزانہ جنوبی پنجاب 2،محکمہ سروسز جنوبی پنجاب 4،محکمہ قانون جنوبی پنجاب کی ایک اسامی ختم کر دی گئی۔ جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ اکتوبر 2020 میں پنجاب کے تین ڈویژنوں ڈیرہ غازی خان، ملتان اور بہاولپور پر مشتمل ایک علیحدہ سول سیکرٹریٹ کے طور پر قائم کیا گیا تھا۔ تاہم حالیہ برسوں میں اس کے اختیارات میں بتدریج کمی کی گئی ہے۔ 2024 تک9 محکموں کے سیکرٹریز کا چارج لاہور کے متعلقہ سیکرٹریز کو دے دیا گیا تھا اور متعدد رپورٹس میں سیکرٹریٹ کی طاقتوں میں مزید کمی یا اسے مکمل طور پر ختم کیے جانے کے خدشات کا اظہار کیا گیا تھا۔گریڈ 18 کے ڈپٹی سیکرٹری کے عہدوں کا خاتمہ جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کو بتدریج غیر موثر بنانے کی حکمت عملی کا حصہ ہے۔ اس اقدام کے نتیجے میں محکمہ بلدیات، خزانہ، سروسز اور قانون جیسے کلیدی شعبوں میں انتظامی امور کی انجام دہی متاثر ہو سکتی ہےجس سے جنوبی پنجاب کے عوام کو درپیش مسائل کے حل میں مشکلات پیدا ہو سکتی ہیں۔یاد رہے کہ 2021 میں بھی جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کے اختیارات واپس لینے کی کوشش کی گئی تھی تاہم اس وقت شدید ردعمل کے بعد یہ نوٹیفیکیشن واپس لے لیا گیا تھا۔جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کو ختم کرنے کی کوشش پر مختلف حلقوں کی جانب سے شدید ردعمل کا اظہار کیا جا رہا ہے۔ تاجر برادری اور سول سوسائٹی کی تنظیموں نے اس فیصلے کو جنوبی پنجاب کے عوام کے ساتھ دھوکا قرار دیتے ہوئے مزاحمتی تحریک چلانے کی دھمکی دی ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ سلسلہ جاری رہے گا اور مزید اسامیاں بھی ختم کی جا سکتی ہیں۔

شیئر کریں

:مزید خبریں