اسلام آباد(بیورورپورٹ)پٹرولیم قیمتیں روز تبدیل، نیانظام منظورکرلیاگیا،ڈیلرز نےبھی حکومتی فیصلے کی حمایت کردی،عوام اوگراکے رحم وکرم پر آگئے۔ وفاقی کابینہ نے پٹرولیم مصنوعات کے لیے روزانہ قیمتوں کے تعین کا نیا نظام منظور کر لیا جس کے تحت اوگرا اب پیٹرول اور ڈیزل کی ایکس ڈپو قیمتیں روزانہ جاری کرے گا۔ پٹرولیم ڈیلرز نےبھی یومیہ قیمتوں کے تعین کی حمایت کا اعلان، تعاون کی یقین دہانی کرادی۔تفصیلات کے مطابق پٹرول اور ڈیزل کی نئی قیمتیں گزشتہ سات کاروباری دن کی اوسط عالمی قیمت کے مطابق ہوں گی، پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں کا تعین عالمی مارکیٹ کے حساب سے کیا جائے گا۔قیمتوں کے اعلان کے لیے وزیراعظم یا وفاقی حکومت کی پیشگی منظوری درکار نہیں ہوگی جبکہ اوگرا بغیر وزیراعظم یا حکومت کی منظوری کے قیمتوں کا اعلان کرے گا۔اوگرا کے مطابق ہفتہ اور اتوار کو گزشتہ اعلان کردہ قیمتیں برقرار رہیں گی جبکہ یکم جولائی 2026 سے روزانہ پلاٹس ریفرنس قیمتیں بھی ویب سائٹ پر جاری کرے گا۔ پٹرولیم لیوی کابینہ کی مقررہ حد سے زیادہ عائد نہیں کی جا سکے گی جبکہ پٹرولیم لیوی کی شرح فنانس ڈویژن کی منظوری سے ہی تبدیل ہوگی۔مالی سال 2027 میں ہائی سپیڈ ڈیزل کی درآمد صرف پی ایس او کے ذریعے ہوگی جبکہ آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کو مارکیٹ شیئر کے مطابق پٹرول درآمد کی اجازت ہوگی، درآمدی یا اپ لفٹمنٹ میں ڈیفالٹ پر 9 ماہ تک نئی درآمدی اجازت نہیں ملے گی۔اسی طرح مٹی کا تیل اور لائٹ ڈیزل آئل کی قیمتیں بھی روزانہ مقرر کی جائیں گی۔وفاقی کابینہ نے اوگرا کو ہدایات جاری کی ہیں کہ نئے پرائسنگ میکانزم پر فوری عم لدرآمد یقینی بنایا جائے۔دوسری جانب پٹرولیم ڈیلرز نے یومیہ قیمتوں کے نظام کا خیرمقدم کرتے ہوئے حکومتی پالیسی کی حمایت کا اعلان کر دیا۔وفاقی وزیر پٹرولیم علی پرویز ملک سے پاکستان پٹرولیم ڈیلرز ایسوسیشن کے وفد نے ملاقات کی اور قیمتوں میں اصلاحات پر تبادلۂ خیال کیا۔ایسوسی ایشن کے چیف ایڈوائزر ملک خدا بخش نے آبنائے ہرمز بحران کے دوران پٹرولیم مصنوعات کی بلا تعطل فراہمی پر حکومت کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہیں، پٹرولیم قلت کے باوجود پاکستان میں ایندھن کی فراہمی مؤثر انداز میں برقرار رہی۔وفاقی وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک نے کہا کہ یومیہ پٹرولیم قیمتوں کا نیا نظام سات روزہ رولنگ ایوریج پر مبنی ہوگا،ہفتہ وار قیمتوں کا سابقہ نظام بھی 7 روزہ اوسط قیمت پر مبنی تھا جبکہ یومیہ قیمتوں سے شفافیت بڑھے گی، مارکیٹ میں بگاڑ اور ذخیرہ اندوزی کی حوصلہ شکنی ہوگی۔پی پی ڈی اے کے وفد نے پٹرولیم ڈیلرز اور او ایم سیز کے مابین ضوابط کی تیاری میں پیٹرولیم ڈیلرز کو شامل کرنے کا مطالبہ کیا۔ اس پر وفاقی وزیر نے کہا کہ ڈیلرز کی آرا کو قواعد و ضوابط کی تیاری میں شامل کیا جائے گا۔ پٹرولیم ڈیلرز کی جانب سے ڈیلرز مارجن 8 فیصد کرنے کے مطالبہ پر وفاقی وزیر نے غور کرنے کی یقین دہانی کروائی گئی۔ علی پرویز ملک نے کہا کہ ڈیلرز کے مارجن اور دیگر امور پر پی پی ڈی اے اور اوگرا کی میٹنگ کل(آج) ارینج کروائی ہےپی پی ڈی اے کے وفد میں چیف ایڈوائزر ملک خدا بخش، راجہ وسیم کیانی، چوہدری ظفر الٰہی، بابر علی چوہدری اور چوہدری فیصل عارف شامل تھے۔







