تازہ ترین

ڈاکو حسینہ کی خاطر دو خطرناک گینگ آمنے سامنے، پولیس بے بس، خون ریز تصادم کا خدشہ

کوٹ ادو (نامہ نگار)دو اضلاع کی پولیس بے بس، دو گینگز کے درمیان خونی تصادم کا خطرہ بڑھ گیا۔کچھ عرصہ قبل اقراری بولا گینگ نے سی سی ڈی پولیس پر حملہ کیا تھا جس میں فائرنگ کے نتیجے میں پولیس اہلکار زخمی ہوئے تھے۔ تاہم بعد ازاں اقراری بولا گینگ کے خلاف کوئی مؤثر کارروائی نہیں کی گئی۔تین روز قبل ایک مبینہ ڈاکو حسینہ کو حاصل کرنے کے لیے دو گینگز کے درمیان خونریز تصادم ہوا تھا، جس میں فائرنگ کے نتیجے میں اقراری بولا گینگ کا ایک رکن طارق مشوری ہلاک ہوگیا تھا۔ بتایا جاتا ہے کہ ساتھی کی ہلاکت کا بدلہ لینے کے لیے اقراری بولا گینگ نے بلوچ گینگ کے رکن ندیم بلوچ کے گھر پر حملہ کر دیا۔اسلحہ سے لیس افراد رات کی تاریکی میں گھر میں داخل ہوئے، تاہم گھر پر تالے لگے ہوئے تھے۔ بتایا جاتا ہے کہ حملے کے خدشے کے پیشِ نظر اہل خانہ پہلے ہی گھر چھوڑ کر نامعلوم مقام پر منتقل ہو چکے تھے۔ بعد ازاں اقراری گینگ نے ایک دھمکی آمیز ویڈیو بنا کر سوشل میڈیا پر وائرل کر دی جس کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا جبکہ دو گینگز کے درمیان مزید خونریز تصادم کا خدشہ پیدا ہو گیا۔ پولیس تاحال خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے۔تفصیلات کے مطابق 18 جولائی بروز ہفتہ ایک مبینہ ڈاکو حسینہ کے معاملے پر دو گینگز کے درمیان تصادم ہوا تھا۔ فائرنگ کے نتیجے میں مبینہ طور پر اقراری بولا گینگ کا ایک رکن ہلاک ہوگیا، جبکہ اس کا دوسرا ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔مقتول کے ورثا نے لاش سڑک پر رکھ کر شدید احتجاج کیا، جس کے بعد ملزم کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا، جبکہ بتایا جاتا ہے کہ ملزم اس سے قبل ہی پولیس کو گرفتاری پیش کر چکا تھا۔ابھی دو دن ہی گزرے تھے کہ اقراری بولا گینگ نے گزشتہ رات ساتھی کا بدلہ لینے کے لیے بلوچ گینگ کے رکن ندیم بلوچ کے گھر کا رخ کیا۔ گھر پر تالے لگے دیکھ کر انہوں نے ایک ویڈیو بنائی، جس میں مبینہ طور پر گینگ کا ایک رکن کلاشنکوف، پستول اور گولیوں سے لیس نظر آتا ہے۔ ویڈیو بیان میں اس نے کہا کہ’’ہم تمہارے گھر آئے ہیں، گھر کو تالے لگے ہوئے ہیں، ہمیں بھولنا مت، طارق کے قتل کا بدلہ لے کر رہوں گا‘‘۔دونوں گینگز کے درمیان مزید خونریز تصادم کا خطرہ بڑھتا جا رہا ہے، جس کے باعث علاقے میں شدید خوف وہراس پایا جاتا ہے۔ علاقہ مکین خوف میں مبتلا ہیں اور قصبہ احسان پور، پہاڑ پور اور کچہ کے علاقوں میں صورتحال تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ سی سی ڈی پولیس پر حملے کے بعد بھی اقراری بولا گینگ کے خلاف مؤثر کارروائی نہ ہونے سے ملزمان بے لگام ہو چکے ہیں۔ علاقے میں ڈکیتی کی وارداتوں میں بھی اضافہ ہو گیا ہے اور شہری خود کو غیر محفوظ تصور کرنے لگے ہیں۔علاقہ مکینوں نے مطالبہ کیا ہے کہ اگر قانون نافذ کرنے والے اداروں نے بروقت کارروائی نہ کی تو دونوں گینگز کے درمیان مزید خونریز تصادم اور جانی نقصان کا خدشہ ہے۔

شیئر کریں

:مزید خبریں