وزیراعظم شہباز شریف کا اسپین کو فیفا ورلڈ کپ 2026 کی فتح پر خراجِ تحسین

وزیراعظم شہباز شریف نے فیفا ورلڈ کپ 2026 میں شاندار کامیابی حاصل کرنے پر اسپین کی قومی فٹبال ٹیم کو مبارکباد دیتے ہوئے اس کی عمدہ کارکردگی کو سراہا ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری اپنے پیغام میں وزیراعظم نے کہا کہ ہسپانوی ٹیم نے پورے ٹورنامنٹ کے دوران غیر معمولی کھیل، مضبوط ٹیم ورک، نظم و ضبط اور بہترین حکمت عملی کا مظاہرہ کیا، جس کی بدولت وہ عالمی ٹائٹل اپنے نام کرنے میں کامیاب رہی۔
انہوں نے امریکا کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور امریکی عوام کو بھی ورلڈ کپ کی کامیاب میزبانی پر مبارکباد پیش کی، جبکہ میکسیکو اور کینیڈا کی حکومتوں اور عوام کے تعاون اور بہترین انتظامات کو بھی سراہا۔
وزیراعظم نے فیفا کے صدر جیانی انفانٹینو اور ان کی ٹیم کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ اس عالمی مقابلے کے کامیاب انعقاد نے فٹبال کی مقبولیت اور عالمی سطح پر اس کے فروغ میں اہم کردار ادا کیا ہے۔
اپنے پیغام کے اختتام پر شہباز شریف نے امید ظاہر کی کہ کھیل مستقبل میں بھی مختلف قوموں کے درمیان دوستی، اتحاد، امن اور عالمی ہم آہنگی کو فروغ دینے کا مؤثر ذریعہ ثابت ہوں گے۔

شیئر کریں

:مزید خبریں