بہاولپور (عوامی رپورٹر )ہائیکورٹ کے واضح احکامات مسترد، یزمان میں متنازع زمین پر کام جاری، انتظامیہ پرسوال اٹھ گئے۔یزمان اور بہاولپور انتظامیہ عدالتی احکامات ہوا میں اڑانے لگی۔ یزمان میں چوہدری محمد رمضان کی وراثتی اراضی پر قبضہ مافیا کا کھلے عام راج جاری ہے۔لاہور ہائی کورٹ بہاولپور بینچ کے واضح حکمِ امتناعی کے باوجود کمشنر، ڈپٹی کمشنر بہاولپور، اسسٹنٹ کمشنر یزمان اور تحصیل دار منڈی یزمان کی مبینہ سربراہی متنازع زمین منصوبے پر کام دھڑلے سے جاری ہےجس نے قانون کی بالادستی اور عدالتی وقار پر سنگین سوالیہ نشانات کھڑے کر دیے ہیں۔لاہور ہائی کورٹ بہاولپور بینچ کے معزز جسٹس نے تمام قانونی پہلوؤں کا جائزہ لینے کے بعد مذکورہ جگہ پر کام فوری طور پر روکنے کا حکم جاری کیاتھا۔ قانوناً عدالتی حکم موصول ہونے کے بعد کسی بھی قسم کی سرگرمی فوری طور پر روکنا لازمی ہوتا ہے مگر بہاولپور کی اعلیٰ انتظامیہ نے عدالتی احکامات کو پسِ پشت ڈال دیا۔ مقامی ذرائع اور متاثرین کے مطابق کمشنر بہاولپور، ڈپٹی کمشنر بہاولپور، اسسٹنٹ کمشنر یزمان ،تحصیل دار منڈی یزمان کی براہِ راست نگرانی اور مبینہ سرپرستی میں ہائی کورٹ بہاولپور بنچ کے احکامات کی کھلی خلاف ورزی کرتے ہوئے کام کو تاحال جاری رکھا گیا ہے۔ انتظامیہ کی جانب سے موقع پر موجود اہلکاروں کو کام جاری رکھنے کی مبینہ ہدایات دی گئی ہیںجو سراسر توہینِ عدالت کے زمرے میں آتا ہے۔شہریوں اور متاثرین نے شدید احتجاج کرتے ہوئے چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ اور متعلقہ اعلیٰ حکام سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ اگر ضلعی انتظامیہ کے اعلیٰ افسران ہی عدالت کے فیصلوں کا احترام نہیں کریں گے تو عام شہری کا قانون پر سے اعتماد اٹھ جائے گا۔ متاثرین کے وکلاء نے اس سنگین خلاف ورزی پر کمشنر بہاولپور، ڈپٹی کمشنر بہاولپور، اسسٹنٹ کمشنر یزمان اور تحصیل دار منڈی یزمان کے خلاف ہائی کورٹ میں توہین عدالت کی درخواست دائر کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔متاثرین اراضی نے اس عمل کی شدید مذمت کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ ہائی کورٹ کے احکامات کا مذاق اڑانے والے افسران کے خلاف سخت تادیبی کارروائی عمل میں لائی جائے۔







