پاکستان کے معروف یوٹیوبر اور کاروباری شخصیت معاز صفدر 10 محرم الحرام (یوم عاشورہ) سے متعلق دیے گئے ایک بیان کے بعد سوشل میڈیا پر شدید تنقید کا سامنا کر رہے ہیں۔
سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ایک ویڈیو کلپ کے بعد، بالخصوص شیعہ مکتبِ فکر سے تعلق رکھنے والے متعدد صارفین نے معاز صفدر کے بیان پر سخت ردعمل دیا۔ ناقدین کا کہنا تھا کہ ان کے الفاظ مذہبی جذبات کو مجروح کرنے والے اور غیر مناسب تھے، جس پر مختلف پلیٹ فارمز پر تنقیدی تبصرے کیے گئے۔
دوسری جانب بیرسٹر عامر خوصہ نے بھی معاز صفدر کے خلاف ایف آئی آر درج کرا دی۔ درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ یوٹیوبر کے ریمارکس سے مذہبی جذبات کو ٹھیس پہنچی، اس لیے ان کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے۔
بڑھتے ہوئے تنازع کے بعد معاز صفدر نے ایک ویڈیو بیان جاری کرتے ہوئے اپنی وضاحت پیش کی۔ ان کا کہنا تھا کہ ان کا مقصد کسی بھی مذہبی طبقے یا فرد کے جذبات کو مجروح کرنا ہرگز نہیں تھا۔ انہوں نے مزید کہا کہ اگر ان کی باتوں سے کسی کی دل آزاری ہوئی ہے تو وہ اس پر معذرت خواہ ہیں۔







