حکومت کا پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں روزانہ مقرر کرنے پر غور، اوگرا کو مکمل اختیار دینے کی تجویز

اسلام آباد: حکومت پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے تعین کے لیے روزانہ کی بنیاد پر نیا طریقہ کار متعارف کرانے پر غور کر رہی ہے، جس کے تحت قیمتوں کے حتمی تعین میں حکومت کا کردار نمایاں طور پر کم ہو جائے گا۔
ذرائع کے مطابق پیٹرولیم ڈویژن کے ایک اعلیٰ عہدیدار نے بتایا ہے کہ مجوزہ نظام کے تحت آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) ہر رات موٹر اسپرٹ (پیٹرول)، ہائی اسپیڈ ڈیزل (HSD)، لائٹ ڈیزل آئل (LDO) اور مٹی کے تیل (Kerosene Oil) کی قیمتوں کا تعین کرے گی۔
مجوزہ طریقہ کار کے مطابق اوگرا کی جانب سے مقرر کی جانے والی نئی قیمتیں ہر روز رات 12 بجے سے نافذ العمل ہوں گی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اس نئے نظام کا مقصد پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کو عالمی مارکیٹ کے اتار چڑھاؤ سے زیادہ مؤثر انداز میں ہم آہنگ کرنا اور قیمتوں کے تعین کے عمل کو مزید خودکار اور شفاف بنانا ہے۔
تاہم، اس حوالے سے تاحال کوئی باضابطہ اعلان نہیں کیا گیا اور مجوزہ نظام پر غور جاری ہے۔

شیئر کریں

:مزید خبریں