مولانا فضل الرحمان کے خلاف درخواستیں دائر، فوج سے متعلق بیان پر عدالت نے طلب کر لیا

گوجرانوالہ / لاہور: جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کے فوج اور شہداء سے متعلق بیان پر قانونی کارروائی کے لیے مختلف عدالتوں میں درخواستیں دائر کر دی گئی ہیں، جبکہ گوجرانوالہ کی عدالت نے انہیں طلب بھی کر لیا ہے۔
درخواست گزار منظور قادر بھنڈر نے مؤقف اختیار کیا کہ مولانا فضل الرحمان نے اپنی تقریر میں شہداء کے بارے میں نامناسب ریمارکس دیے اور پاک فوج کے خلاف بیان بازی کی، جس پر ان کے خلاف مقدمہ درج کیا جانا چاہیے۔
گوجرانوالہ کے ایڈیشنل سیشن جج فیصل جمیل نے درخواست پر کارروائی کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان کو 28 جولائی کو عدالت میں پیش ہونے کا حکم جاری کر دیا۔
دوسری جانب لاہور کی سیشن عدالت میں بھی اسی نوعیت کی درخواست پر سماعت ہوئی، جہاں ایڈیشنل سیشن جج ملک لطیف نے ڈائریکٹر این سی سی آئی اے سے جواب طلب کرتے ہوئے کیس کی مزید سماعت 17 اگست تک ملتوی کر دی۔
درخواست گزار شہری محمد وقار نے عدالت میں مؤقف اختیار کیا کہ انہوں نے سوشل میڈیا پر مولانا فضل الرحمان کی تقریر دیکھی، جس میں شہداء کے حوالے سے دیے گئے الفاظ سے ان سمیت عوام کے جذبات مجروح ہوئے۔
درخواست میں کہا گیا کہ ایک عوامی اجتماع کے دوران دیے گئے بیان سے شہداء کے اہل خانہ کی دل آزاری ہوئی، لہٰذا عدالت متعلقہ اداروں کو مولانا فضل الرحمان کے خلاف مقدمہ درج کرنے کا حکم دے۔

شیئر کریں

:مزید خبریں