اہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی زیرِ صدارت ہونے والے اجلاس میں صوبے میں جدید اور معیاری تعلیمی نظام کے فروغ کے لیے “مریم نواز سنٹر آف اکیڈمک لیڈر شپ” کے پائلٹ منصوبے کی منظوری دے دی گئی۔ اجلاس میں ایچی سن کالج کے معیار کے مطابق بوائز اور گرلز اسکولز کے قیام کی بھی منظوری دی گئی۔
منصوبے کے ابتدائی مرحلے میں لاہور کے وحدت روڈ پر طلبہ اور طالبات کے لیے الگ الگ جدید تعلیمی مراکز قائم کیے جائیں گے، جہاں عالمی معیار کی تعلیمی سہولیات کے ساتھ جدید اسپورٹس انفراسٹرکچر بھی فراہم کیا جائے گا۔
بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ ان مراکز میں جدید اسپورٹس ہال، ہاکی اور کرکٹ اسٹیڈیم، سوئمنگ پول، گھڑ سواری سمیت مختلف کھیلوں کی سہولیات دستیاب ہوں گی تاکہ طلبہ کی ہمہ جہت صلاحیتوں کو فروغ دیا جا سکے۔
حکام کے مطابق ہر مرکز میں تقریباً پانچ ہزار طلبہ اور پانچ ہزار طالبات کو داخلے کی سہولت فراہم کی جائے گی، جبکہ منصوبے کا مقصد جدید، معیاری اور بین الاقوامی طرز کی تعلیم کو فروغ دینا ہے۔






