توہینِ مذہب کیس: اینکر ریحان طارق جوڈیشل ریمانڈ پر جیل منتقل

لاہور: توہینِ مذہب کے مقدمے میں گرفتار نیوز اینکر ریحان طارق کو عدالت نے جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیجنے کا حکم دے دیا۔
ضلع کچہری لاہور میں کیس کی سماعت جوڈیشل مجسٹریٹ نعیم وٹو نے کی۔ سماعت کے دوران تفتیشی افسر نے عدالت کو بتایا کہ ملزم سے مزید جسمانی ریمانڈ کی ضرورت نہیں رہی، اس لیے انہیں عدالتی تحویل میں بھیجا جائے۔
تفتیشی افسر کے مؤقف کو مدنظر رکھتے ہوئے عدالت نے ریحان طارق کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل روانہ کرنے کا حکم جاری کر دیا۔
دورانِ سماعت جوڈیشل مجسٹریٹ نعیم وٹو نے ریمارکس دیے کہ مذہبی معاملات پر گفتگو کے لیے مناسب دینی علم ہونا ضروری ہے۔
اس سے قبل ملزم کو سخت سیکیورٹی انتظامات کے تحت عدالت میں پیش کیا گیا، جہاں پولیس کی جانب سے تفتیشی رپورٹ بھی عدالت میں جمع کرائی گئی۔
واضح رہے کہ این سی سی آئی اے نے ریحان طارق کے خلاف توہینِ مذہب کے الزامات کے تحت مقدمہ درج کر رکھا ہے، جس کی مزید قانونی کارروائی جاری ہے۔

شیئر کریں

:مزید خبریں