خانیوال (نمائندہ خصوصی )مکی چوک کے قریب کھلے نالے اور مین ہول شہریوں کے لیے خطرہ، فوری اقدامات کا مطالبہ تفصیل کے مطابق خانیوا لکے علاقہ مکی چوک کے قریب کھلے نالے اور بغیر ڈھکن کے مین ہول شہریوں، خصوصاً بچوں، بزرگوں اور موٹرسائیکل سواروں کے لیے سنگین خطرہ بن چکے ہیں۔ علاقہ مکینوں کے مطابق اگر بروقت حفاظتی اقدامات نہ کیے گئے تو کسی بھی وقت کوئی بڑا حادثہ یا جانی نقصان ہو سکتا ہے۔علاقہ مکینوں اور راہگیروں کا کہنا ہے کہ کھلے نالوں اور مین ہولز کے باعث پیدل چلنے والوں اور ٹریفک کو شدید مشکلات کا سامنا ہے، جبکہ رات کے اوقات میں حادثات کا خطرہ مزید بڑھ جاتا ہے۔اہل علاقہ نے ضلعی انتظامیہ، میونسپل کارپوریشن اور متعلقہ اداروں سے مطالبہ کیا ہے کہ عوام کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے مکی چوک کے قریب موجود کھلے نالوں اور مین ہولز کو فوری طور پر ڈھانپا جائے، حفاظتی باڑ یا وارننگ سائن نصب کیے جائیں اور مستقل بنیادوں پر موثر اقدامات کیے جائیں تاکہ کسی بھی ممکنہ سانحے سے بچا جا سکے۔







