لاہور: ابھرتی ہوئی پاکستانی اداکارہ سحر ہاشمی نے ڈراموں میں گلے ملنے کے مناظر پر ہونے والی تنقید اور خود کو “پاکستانی عمران ہاشمی” کہنے سے متعلق پہلی بار کھل کر ردعمل دے دیا۔
اداکارہ نے ایک حالیہ انٹرویو میں کہا کہ انہوں نے ہمیشہ وہی مناظر انجام دیے جو کہانی اور اسکرپٹ کا حصہ تھے اور جنہیں ہدایت کار کی ہدایات کے مطابق فلمایا گیا۔
سحر ہاشمی، جنہوں نے اپنے فنی سفر کا آغاز ڈرامہ “ظلم” سے کیا، اس سے قبل فیشن اور لائف اسٹائل سے متعلق ڈیجیٹل مواد تخلیق کرتی رہی ہیں۔ بعد ازاں “من مست ملنگ”، “زنجیریں” اور “شیدائی” جیسے ڈراموں نے انہیں شوبز انڈسٹری میں نمایاں شناخت دلائی۔
انہوں نے کہا کہ ہر فنکار اپنے کردار کی ضرورت کے مطابق اداکاری کرتا ہے، اس لیے صرف ایک اداکار کو تنقید کا نشانہ بنانا مناسب رویہ نہیں۔
البتہ سحر ہاشمی نے اس بات کا بھی اعتراف کیا کہ اگر ناظرین اس نوعیت کے مناظر کو پسند نہیں کرتے تو وہ مستقبل میں کرداروں کے انتخاب اور ایسے سینز کے حوالے سے زیادہ احتیاط برتیں گی۔







