مومنہ اقبال کو دھمکیاں دینے کے کیس میں پیشرفت، ثاقب چڈھر اور اہلیہ کی عبوری ضمانت میں توسیع

لاہور: اداکارہ مومنہ اقبال کو مبینہ طور پر ہراساں کرنے اور جان سے مارنے کی دھمکیوں کے مقدمے میں سیشن کورٹ لاہور نے مسلم لیگ (ن) کے رکن اسمبلی ثاقب چڈھر اور ان کی اہلیہ سمیرا کی عبوری ضمانت میں 28 جولائی تک توسیع کر دی۔
ایڈیشنل اینڈ سیشن جج نصرت علی صدیقی نے کیس کی سماعت کی، جس میں ثاقب چڈھر اپنی اہلیہ کے ہمراہ عدالت میں پیش ہوئے۔ تاہم مومنہ اقبال کے وکیل عدنان احسان عدالت میں پیش نہ ہو سکے۔
سماعت کے دوران تفتیشی افسر نے عدالت کو آگاہ کیا کہ ملزمہ سمیرا تفتیش میں شامل ہو چکی ہیں اور ان کا موبائل فون بھی تحویل میں لے لیا گیا ہے، تاہم تفتیش مکمل کرنے کے لیے سم والا فون بھی درکار ہے۔
تفتیشی افسر کے مطابق کیس کی تحقیقات آخری مراحل میں ہیں، لیکن مزید شواہد اکٹھے کرنے کے لیے کچھ اضافی وقت درکار ہے، جس پر عدالت نے ملزمان کی عبوری ضمانت میں 28 جولائی تک توسیع کرتے ہوئے آئندہ سماعت اسی تاریخ پر مقرر کر دی۔
واضح رہے کہ قومی سائبر کرائم تحقیقاتی ایجنسی (NCCIA) نے اداکارہ مومنہ اقبال کی درخواست پر ہراسانی اور دھمکیوں کے الزامات کے تحت مقدمہ درج کر رکھا ہے، جس کی تفتیش جاری ہے۔

شیئر کریں

:مزید خبریں