پشاور: وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمد سہیل آفریدی نے “خیبرپختونخوا اوپن وائی فائی” منصوبے کا باقاعدہ افتتاح کر دیا، جس کے تحت پہلے مرحلے میں پشاور کے سرکاری اسپتالوں اور عوامی ٹرانسپورٹ کے مقامات پر شہریوں کو مفت وائی فائی کی سہولت فراہم کی جائے گی۔
افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے اعلان کیا کہ آئندہ مرحلے میں صوبے کی تمام سرکاری جامعات اور کالجوں کو بھی مفت انٹرنیٹ کی سہولت سے منسلک کیا جائے گا تاکہ طلبہ کو جدید ڈیجیٹل وسائل تک آسان رسائی حاصل ہو سکے۔
انہوں نے بتایا کہ منصوبے کے ابتدائی مرحلے میں پشاور کے اہم سرکاری مقامات کو شامل کیا جا رہا ہے، جبکہ بعد ازاں اسے ایبٹ آباد، مردان، سوات، کوہاٹ، بنوں اور ڈیرہ اسماعیل خان سمیت تمام ڈویژنل ہیڈکوارٹرز تک توسیع دی جائے گی۔
وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا تیزی سے ڈیجیٹل گورننس کی جانب بڑھ رہا ہے اور اس وقت صوبے میں بیشتر سرکاری نظام کو مرحلہ وار پیپر لیس بنانے پر کام جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کے وژن کے مطابق جدید ٹیکنالوجی اور ڈیجیٹل سہولیات ہر شہری تک پہنچائی جائیں گی۔
انہوں نے کہا کہ انٹرنیٹ نوجوانوں کے لیے روزگار، فری لانسنگ، کاروبار اور ای کامرس کے نئے مواقع پیدا کر رہا ہے، اس لیے حکومت نوجوانوں کو معاشی طور پر بااختیار بنانے کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے۔
محمد سہیل آفریدی نے انٹرنیٹ کی رفتار میں کمی اور سروس کی بندش پر بھی تشویش ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ ایسے اقدامات سے نوجوانوں اور آن لائن کاروبار کرنے والوں کو نقصان پہنچتا ہے۔ انہوں نے نشاندہی کی کہ ضم شدہ اضلاع میں اب بھی کئی علاقوں میں موبائل اور انٹرنیٹ جیسی بنیادی سہولیات دستیاب نہیں، جنہیں بہتر بنانے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ خیبرپختونخوا حکومت عوامی خدمت، ڈیجیٹل ترقی اور معاشی استحکام کو ترجیح دے رہی ہے، جبکہ مالی سال 2026-27 کو امن، ترقی اور خوشحالی کا سال بنانے کے لیے مختلف منصوبوں پر کام جاری ہے۔







