اڈیالہ جیل کے باہر احتجاج جاری رہے گا، اب اسٹریٹ موومنٹ کا آغاز کریں گے، علیمہ خان

راولپنڈی : بانی پی ٹی آئی عمران خان کی بہن علیمہ خان نے کہا ہے کہ اڈیالہ جیل کے باہر جاری احتجاج ختم نہیں کیا گیا بلکہ اب اسے مزید وسعت دیتے ہوئے ملک بھر میں اسٹریٹ موومنٹ شروع کی جائے گی۔
عدالت میں پیشی کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے علیمہ خان کا کہنا تھا کہ ان کی جدوجہد صرف اپنے بھائی سے ملاقات تک محدود نہیں بلکہ ان کے بنیادی حقوق کی بحالی کے لیے ہے۔ ان کے مطابق عمران خان انسانی حقوق، انصاف اور جمہوری اقدار کی علامت بن چکے ہیں۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ پہلے مختلف مقدمات میں فوری طور پر وارنٹ جاری کیے جاتے تھے، تاہم اب ٹرائل کے عمل میں تاخیر کی جا رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ انہیں عدالت آنے کے لیے کہا گیا لیکن پیشی سے قبل ہی اگلی تاریخ 11 اگست مقرر کر دی گئی، جس پر انہوں نے حیرت کا اظہار کرتے ہوئے الزام لگایا کہ مقدمات کی تاریخیں کسی اور سطح سے طے کی جاتی ہیں۔
علیمہ خان نے کہا کہ اگر کسی مقدمے میں سزا بنتی ہے تو فیصلہ کیا جائے، اور اگر شواہد موجود نہیں تو بری کر دیا جائے، مگر مقدمات کو غیر ضروری طور پر لٹکایا نہ جائے۔ ان کے مطابق انصاف میں تاخیر بھی انصاف سے انکار کے مترادف ہے۔
انہوں نے پنجاب حکومت پر بھی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ عوام میں خوف کی فضا ختم ہو رہی ہے اور وہ اپنی بہنوں کے ساتھ اڈیالہ جیل کے باہر موجود رہیں گی جبکہ احتجاجی تحریک کو گلی محلوں تک پھیلایا جائے گا۔
دوسری جانب وکیلِ صفائی فیصل محمود ملک نے بتایا کہ عدالت میں وفاقی وزراء محسن نقوی، عطا تارڑ اور عظمیٰ بخاری کی میڈیا گفتگو کی ویڈیوز کے فرانزک تجزیے کے لیے درخواست جمع کرا دی گئی ہے۔ انہوں نے مؤقف اختیار کیا کہ یہ جانچ کسی بین الاقوامی فرانزک لیبارٹری سے کرائی جائے کیونکہ سرکاری اداروں پر اعتماد نہیں۔
وکیل نے مزید کہا کہ فرانزک رپورٹ موصول ہونے کے بعد متعلقہ وزراء کو بطور عدالتی گواہ طلب کیا جائے تاکہ ان پر عدالت میں جرح کی جا سکے۔

شیئر کریں

:مزید خبریں