موٹروے پولیس کی بڑی کارروائی، 375 کلو مضرِ صحت مرغی کا گوشت پکڑا گیا

جلال پورپیروالہ(نامہ نگار)موٹروے پولیس نے ایک اور کامیاب کارروائی کرتے ہوئے مضرِ صحت، غیر معیاری اور غیر قانونی طریقے سے مرغی کا گوشت منتقل کرنے کی کوشش ناکام بنا دی۔ترجمان موٹروے پولیس سنٹرل ریجن کے مطابق موٹروے ایم فائیو پر جلال پور کے قریب ایک مسافر بس کی تلاشی کے دوران 375 کلوگرام مرغی کا گوشت برآمد کیا گیاجسے غیر قانونی طریقے سے بطور کارگو منتقل کیا جا رہا تھا۔اطلاع ملنے پر پنجاب فوڈ اتھارٹی کی ٹیم موقع پر پہنچی اور معائنے کے بعد گوشت کو انسانی صحت کے لیے مضر قرار دے دیا۔ فوڈ اتھارٹی نے بس ڈرائیور پر 30 ہزار روپے جرمانہ بھی عائد کیا۔بعد ازاں ضبط شدہ گوشت تلف کرنے کیلئے پنجاب فوڈ اتھارٹی کے حوالے کر دیا گیا۔موٹروے پولیس شہریوں کے محفوظ سفر کے ساتھ ساتھ محفوظ اور معیاری خوراک کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے متعلقہ اداروں کے ساتھ مل کر مؤثر کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہے۔

شیئر کریں

:مزید خبریں