سرکاری ملازم اوور ٹائم معاوضے کا حق دار نہیں، وفاقی محتسب کا اہم فیصلہ

ملتان ( کورٹ رپورٹر)کوئی بھی سرکاری ملازم مقرر وقت کے بعد ڈیوٹی سر انجام دینے کا معاوضہ طلب نہیں کر سکتا ہے بلکہ اس کے لئے لازم ہے کہ وہ تفویض کیا گیا کام اسی دن مکمل کرے چاہے اس کو مقررہ وقت کے بعد بھی شام تک دفتر میں بیٹھنا پڑے۔ یہ حکم محمد رشید قمر ایڈوائزر وفاقی محتسب ملتان ریجن نے ایک شکایت کا فیصلہ کرتے ہوئے سنایا ۔ یاد رہے کہ ڈاکٹر عمران مصطفیٰ نے وفاقی محتسب افس ملتان میں ایک درخواست برخلاف انچارج پاکستان پوسٹ آفس ملتان دائر کی تھی جس میں الزام لگایا تھا کہ انچارج پوسٹ آفس ملتان اپنے ملازمین سے آٹھ گھنٹے نارمل ڈیوٹی لینے کے بعد کئی گھنٹے ایکسٹرا کام لیتا ہے لیکن ایکسٹرا ڈیوٹی کا معاوضہ نہ دیتا ہے اور استدعا کی کہ فیکٹری ایکٹ 1934 کی دفعہ 50 و 47 کے مطابق اوور ٹائم ڈیوٹی کا معاوضہ دیا جائے۔ بعد سماعت فریقین ایڈوائزر نے درخواست خارج کرتے ہوئے حکم سنایا کہ سرکاری ملازمین پر فیکٹری ایکٹ 1934 لاگو نہ ہوتا ہے اور نہ ہی ملک میں ایسا کوئی دیگر قانون لاگو ہے جس کے تحت سرکاری ملازمین کو مقررہ وقت کے بعد فرائض سر انجام دینے پر تنخواہ کے علاوہ مزید معاوضہ دیا جا سکتا ہے بلکہ وہ سرکاری ملازم پابند ہے کہ اس دن اس کو جو بھی کام تفویض کیا گیا ہو اس کو ہر صورت میں ختم کرے چاہے اس کو مقررہ وقت کے بعد بھی دفتر میں بیٹھنا پڑے۔

شیئر کریں

:مزید خبریں