لاہور: پاکستان کے معروف مزاحیہ فنکار اور اسٹیج اداکار اللہ رکھا، جو “پیپسی” اور “پانی پوری” کے نام سے شہرت رکھتے تھے، 50 برس کی عمر میں انتقال کر گئے، جس کی خبر نے شوبز انڈسٹری اور ان کے مداحوں کو غمزدہ کر دیا۔
ان کے انتقال کی تصدیق اداکار اور میزبان محسن عباس حیدر نے اپنی انسٹاگرام اسٹوری کے ذریعے کی۔ ان کے مطابق اللہ رکھا کو ایک ریکارڈنگ کے دوران اچانک دل کا دورہ پڑا، جو جان لیوا ثابت ہوا۔
تاحال مرحوم کی نمازِ جنازہ کے وقت اور مقام کے بارے میں خاندان یا قریبی ذرائع کی جانب سے کوئی باضابطہ اعلان سامنے نہیں آیا۔
اللہ رکھا “پیپسی” اپنی منفرد ون مین کامیڈی، شاندار اسٹیج پرفارمنسز اور پیروڈی اداکاری کے باعث برسوں تک شائقین کی توجہ کا مرکز رہے۔ ان کی منفرد مزاحیہ انداز نے انہیں پاکستان کے مقبول ترین اسٹیج فنکاروں میں شامل کر دیا تھا۔
انہوں نے عالمی شہرت یافتہ پاپ گلوکار مائیکل جیکسن کی منفرد انداز میں نقل کرکے بھی بے پناہ شہرت حاصل کی، جس کے باعث مداح انہیں محبت سے “پاکستان کا مائیکل جیکسن” بھی کہا کرتے تھے۔
ان کے اچانک انتقال کی خبر کے بعد فنکار برادری، دوستوں اور مداحوں کی جانب سے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا جا رہا ہے، جبکہ سوشل میڈیا پر بھی انہیں خراجِ عقیدت پیش کیا جا رہا ہے۔







