تازہ ترین

غیر ملکی خواتین سے زیادتی کیس، تین ملزمان 5 روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے

لاہور: غیر ملکی خواتین سے مبینہ زیادتی کے مقدمے میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، جہاں کینٹ کی عدالت نے تینوں گرفتار ملزمان کو پانچ روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کر دیا۔
پولیس نے ملزمان رضوان، نواز اور ناصر کو عدالت میں پیش کیا اور مزید تفتیش کے لیے جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی، جسے عدالت نے منظور کرتے ہوئے تینوں ملزمان کو پانچ روز کے لیے پولیس کی تحویل میں دے دیا۔
ادھر تفتیشی ذرائع کے مطابق کیس میں ڈی این اے رپورٹ بھی سامنے آ گئی ہے، جس میں ایک ملزم کا ڈی این اے میچ ہونے کا دعویٰ کیا گیا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ملزم نواز پر سب سے پہلے غیر ملکی خاتون کو مبینہ طور پر زیادتی کا نشانہ بنانے کا الزام ہے، جبکہ اس کے بعد دیگر ملزمان بھی اس واقعے میں شامل ہوئے۔
ذرائع کے مطابق ڈی این اے رپورٹ کو باقاعدہ تفتیشی ریکارڈ کا حصہ بنا لیا گیا ہے اور کیس کے مختلف پہلوؤں پر مزید تحقیقات جاری ہیں۔
واضح رہے کہ اسی کیس سے متعلق غیر ملکی خواتین کی گاڑی کو پیش آنے والے حادثے کا مقدمہ بھی درج کیا جا چکا ہے۔
گزشتہ روز پریس کانفرنس کے دوران ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران نے کہا تھا کہ مقدمے میں نامزد تمام ملزمان کے ساتھ قانون کے مطابق یکساں سلوک کیا جا رہا ہے اور کسی کو بھی خصوصی رعایت نہیں دی جا رہی، چاہے اس کا تعلق کسی بااثر شخصیت سے ہی کیوں نہ ہو۔

شیئر کریں

:مزید خبریں