لاہور میں غیر ملکی خواتین کے اغوا کیس میں اہم پیشرفت، میڈیکل رپورٹ موصول

لاہور: ڈیفنس کے علاقے میں غیر ملکی خواتین کے مبینہ اغوا اور اجتماعی زیادتی کے مقدمے میں اہم پیشرفت سامنے آئی ہے۔ پولیس کو موصول ہونے والی میڈیکل رپورٹ کے مطابق ایک خاتون کے ساتھ زیادتی کی تصدیق ہوئی ہے، جبکہ مزید شواہد کے حصول کے لیے تحقیقات جاری ہیں۔
پولیس ذرائع کے مطابق گرفتار ملزمان میں سے تین افراد پر خاتون کے ساتھ زیادتی کا الزام ہے۔ دورانِ تفتیش یہ بھی سامنے آیا کہ ملزمان نے مبینہ طور پر متاثرہ خواتین سے ان کے ڈیجیٹل والیٹ کے ذریعے 19 ہزار ڈالر منتقل کروائے۔
تحقیقاتی ذرائع کا کہنا ہے کہ خواتین کی جانب سے کرپٹو کرنسی میں 4 سے 5 لاکھ ڈالر کی سرمایہ کاری کی گئی تھی، جس کی واپسی کا مطالبہ بھی ملزمان کی جانب سے کیا جا رہا تھا۔
پولیس نے ملزمان اور متاثرہ خواتین کے ڈی این اے نمونے فرانزک تجزیے کے لیے بھجوا دیے ہیں، جبکہ ملزمان کے موبائل فون بھی فرانزک جانچ کے لیے متعلقہ لیبارٹری روانہ کر دیے گئے ہیں۔
ڈی آئی جی انویسٹی گیشن ذیشان رضا کا کہنا ہے کہ لاہور فرانزک لیب اور ڈی این اے رپورٹس موصول ہونے کے بعد تحقیقات کو مزید آگے بڑھایا جائے گا۔ انہوں نے واضح کیا کہ تمام ملزمان کے ساتھ قانون کے مطابق یکساں سلوک کیا جا رہا ہے، انہیں کوئی خصوصی رعایت یا پروٹوکول نہیں دیا گیا اور تفتیش مکمل میرٹ پر جاری ہے۔

شیئر کریں

:مزید خبریں