اسلام آباد: عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں کمی کے باوجود حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات پر عائد لیوی میں ردوبدل کرتے ہوئے پیٹرول پر لیوی بڑھا دی، جس کے باعث صارفین کو قیمتوں میں خاطر خواہ ریلیف نہ مل سکا۔
حکومتی فیصلے کے مطابق ایک ہفتے کے لیے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں پر نظرثانی کرتے ہوئے پیٹرول پر پٹرولیم لیوی میں 6 روپے 22 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا گیا ہے، جس کے بعد اس کی مجموعی شرح 70 روپے 36 پیسے فی لیٹر ہو گئی ہے۔
دوسری جانب ہائی اسپیڈ ڈیزل پر پٹرولیم لیوی میں 6 روپے 22 پیسے فی لیٹر کمی کی گئی ہے، جس کے بعد ڈیزل پر لیوی کی نئی شرح 70 روپے 82 پیسے فی لیٹر مقرر کی گئی ہے۔
حکومت نے مٹی کے تیل پر پٹرولیم لیوی 20 روپے 36 پیسے فی لیٹر برقرار رکھنے کا فیصلہ بھی برقرار رکھا ہے، جبکہ پیٹرولیم مصنوعات پر عائد 5 روپے فی لیٹر کاربن لیوی میں بھی کوئی تبدیلی نہیں کی گئی۔







