پشاور،کوئٹہ(بیورورپورٹ)کوئٹہ سے پشاور جانے والی ایک مسافر کوچ بلوچستان اور خیبر پختونخوا کی سرحد پر واقع دانہ سر کے مقام پر گہری کھائی میں گرنے سے خوفناک حادثے کا شکار ہو گئی۔ 40 مسافر جاں بحق اور8زخمی ہو گئے۔ جاں بحق اور زخمی ہونے والوں میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔تفصیل کےمطابق خیبرپختونخوا اور بلوچستان کے سرحدی ژوب کے علاقے دانہ سر میں پیش آنے والے المناک مسافر بس حادثے میں 40 افراد جاں بحق جبکہ 8 افراد زخمی ہوگئے۔جاں بحق ہونےوالےافرادمیں خواتین اوربچےبھی شامل ہیں۔ حادثے کے بعد حکومت بلوچستان نے فوری طور پر امدادی کارروائیاں تیز کرتے ہوئے متعلقہ اداروں کو زخمیوں کو بروقت طبی امداد فراہم کرنے اور متاثرہ خاندانوں کی ہر ممکن معاونت یقینی بنانے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔وزیراعلیٰ بلوچستان کے معاون برائے سیاسی و میڈیا امور شاہد رند نے بتایا کہ ابتدائی معلومات کے مطابق حادثے کا شکار بس میں اپنے مسافروں کے علاوہ ایک خراب ہونے والی دوسری مسافر بس کے مسافر بھی سوار تھےجس کے باعث گاڑی میں معمول سے زیادہ افراد موجود تھے۔انہوں نے مزید کہا کہ حکومت بلوچستان حادثے کی مکمل تحقیقات کے بعد تمام حقائق عوام کے سامنے لائے گی۔ امدادی اہلکاروں نے 8 زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد دینے کے بعد ڈی ایچ کیو ہسپتال ژوب منتقل کیا جبکہ 40 جاں بحق افراد کی میتوں کو بھی مشترکہ کارروائی کے ذریعے ڈی ایچ کیو ہسپتال پہنچایا۔دانہ سر کے المناک بس حادثے میں زخمی ہونے والے ایک مسافر نے دعویٰ کیا ہے کہ وہ دیگر مسافروں کے ساتھ کوئٹہ سے پشاور جا رہے تھے، تاہم روانگی سے قبل ڈرائیور نے مسافروں کو اعتماد میں لیے بغیر بس میں ڈیزل لوڈ کیا۔ ان کے مطابق بلوچستان کی آخری ایف سی چیک پوسٹ پر بس سے ڈیزل اتار دیا گیاجس پر مسافروں اور ڈرائیور کے درمیان تلخ کلامی بھی ہوئی۔ زخمی مسافر نے بتایا کہ اس واقعے کے کچھ ہی دیر بعد بس حادثے کا شکار ہو گئی۔ انہوں نے کہا کہ جب انہیں ہوش آیا تو ہر طرف زخمی افراد اور لاشیں پڑی تھیں، جبکہ حادثے کا شکار بس میں خواتین اور بچے بھی سوار تھے۔دوسری جانب وزیراعظم شہباز شریف نے بس حادثے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر اظہار افسوس کرتے ہوئے جاں بحق ہونے والے افراد کی بلندی درجات کے لیے دعا کی ہے۔وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے حادثے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر تعزیت کی۔ انہوں نے کہا کہ حادثے کی اطلاع ملتے ہی متعلقہ اداروں کو فوری ریسکیو آپریشن شروع کرنے کی ہدایات جاری کی گئیںجبکہ بلوچستان اور خیبرپختونخوا کی ضلعی انتظامیہ، ایف سی، ریسکیو ادارے اور دیگر متعلقہ محکمے جائے حادثہ پر امدادی سرگرمیوں میں مصروف رہے۔وزیراعلیٰ خیبرپختونخواسہیل آفریدی نے بھی المناک واقعہ پراظہارافسوس کرتےہوئےدکھی خاندانوں سے تعزیت کااظہارکیاہے۔







