بہاولپور(کرائم رپورٹر) بہاولپور میونسپل کارپوریشن میں عرصہ دراز سے مبینہ کرپشن، بے ضابطگیوں اور ٹھیکوں کی نیلامیوں کے نہ ہونے کے خلاف روزنامہ قوم میں خبر شائع ہوتے ہی ضلعی انتظامیہ کو ہوش آگیا بہاولپور میں سالہا سال سے میونسپل کارپوریشن میں ٹھیکوں کی نیلامی شروع ہوگئی ۔بہاولپور میونسپل کارپوریشن میں سال 2026 کی مجوزہ نیلامی سے قبل مبینہ بے ضابطگیوں اور کرپشن کے الزامات نے ایک نیا رخ اختیار کر لیا ۔ذرائع کے مطابق گزشتہ برسوں کی طرح اس سال بھی نیلامی کے عمل پر سوالیہ نشان اٹھ رہے ہیں جبکہ پہلی بولی مبینہ طور پر منسوخ ہونے کے بعد دوسری بولی آئندہ 10 سے 15 روز میں متوقع ہے معلوم ہوا ہے کہ میونسپل کارپوریشن کے چند اعلیٰ عہدیدار نجی ٹھیکیداروں کو نیلامی کے عمل میں موثر انداز میں شریک ہی نہیں ہونے دیتے دوسری جانب متعدد ٹھیکیداروں نے الزام عائد کیا ہے کہ حکومتی شیڈول کے برعکس مختلف ٹھیکوں کی ریزرو قیمتوں میں غیر معمولی اضافہ کر دیا گیا ہے جس سے شفاف مقابلے کے امکانات متاثر ہو سکتے ہیں۔ذرائع کے مطابق سال 2025 میں اراضی سینٹر سٹینڈ کی بولی 22 لاکھ روپے سے 44 لاکھ روپے سے شروع کی گئی ہے اسی طرح شادی ہالز، کار اسٹینڈز لاری اڈا، لاری اڈا واش رومز کے ٹھیکوں کی قیمت بھی مبینہ طور پر 10 لاکھ روپے سے بڑھا کر 21 لاکھ روپے کر دی گئی ہے ادھر میونسپل کارپوریشن میں ایک افسر کو متعدد اضافی ذمہ داریاں دینے کا معاملہ بھی زیر بحث آ گیا ہے ذرائع کے مطابق بابر مسیح میونسپل کارپوریشن میں بطور ٹیکس سپریڈنٹ فرائض انجام دینے کے ساتھ ساتھ اکاؤنٹس برانچ کے اضافی چارجز اور AC ٹرمینل اڈا انچارج سمیت مجموعی طور پر چار اہم ذمہ داریاں بھی نبھا رہے ہیں شہریوں نے سوال اٹھایا ہے کہ آیا ضلعی انتظامیہ کے پاس مختلف عہدوں پر تعیناتی کے لیے افسران کی کمی ہے یا ایک ہی افسر کو متعدد چارجز دینا انتظامی مجبوری ہے شہریوں کا مطالبہ ہے کہ اس معاملے کی غیر جانبدارانہ تحقیقات کر کے اصل حقائق عوام کے سامنے لائے جائیں بہاولپور کے عوامی وسماجی حلقوں اور سول سوسائٹی نیٹ ورک نے وزیر اعلیٰ پنجاب، چیف سیکرٹری پنجاب، کمشنر بہاولپور اور ڈپٹی کمشنر بہاولپور سے مطالبہ کیا ہے کہ سال 2026 کی نیلامی کے تمام مراحل کی شفاف تحقیقات کرائی جائیں مبینہ بے ضابطگیوں کا نوٹس لیا جائے اور قومی خزانے کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے۔







