ملتان ( قوم نیوز)حکومتِ پنجاب اور وزیرِ اعظم شہباز شریف کی جانب سے حج زائرین کے لیے بہترین اور مثالی انتظامات کے دعوے ملتان جی پی او میں دم توڑ گئے۔ مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ سے حاجیوں کا بک کروایا گیا قیمتی سامان اور تبرکات گزشتہ 20 روز سے ملتان جنرل پوسٹ آفس میں موجود کسٹم آفس کی مبینہ غفلت کے باعث کلیئر نہ ہو سکے۔ ذرائع کے مطابق حاجیوں کے پارسلز میں مہنگی کھجوریں، آبِ زم زم اور دیگر خراب ہونے والی اشیاء شامل ہیں۔ گرمی کی شدت اور بند کمروں میں پڑے رہنے کے باعث سامان خراب ہونے کا امکان ہےجس سے زائرین کو لاکھوں روپے نقصان کا خدشہ ہے۔جی پی او ذرائع کا کہنا ہے کہ یہاں تعینات کسٹم آفیسر کی مسلسل غیر حاضری نے صورتحال سنگین بنا دی ہے۔ سائلین کو ماتحت عملہ کبھی ’’صاحب کی عدالت میں ڈیوٹی ہے‘‘تو کبھی کوئی اور بہانہ بنا کر ٹال دیتا ہے۔ آفیسرز کی سست روی کے باعث کسٹم پورشن عملاً معطل ہے اور زائرین روزانہ دور دراز علاقوں سے آ کر مایوس لوٹ رہے ہیں۔متاثرہ حاجیوں نے شدید غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ زائرینِ حرم کو بھی خوار کیا جا رہا ہے۔انہوں نے وزیرِ اعظم شہباز شریف، وزیرِ اعلیٰ پنجاب اور کسٹم کے اعلیٰ حکام سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔







