ویمن یونیورسٹی ملتان، رجسٹرار اور کنٹرولر امتحانات اضافی چارج واپس، نئے افسر مقرر

ملتان (سٹاف رپورٹر) خواتین یونیورسٹی ملتان کی وائس چانسلر نے یونیورسٹی کے انتظامی امور کو مؤثر انداز میں چلانے کے لیے رجسٹرار اور کنٹرولر امتحانات کے عہدوں کے اضافی چارجز میں تبدیلی کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔ 30 جون 2026 کو جاری ہونے والے نوٹیفکیشن کے مطابق ڈاکٹر سارہ مصدق (ایسوسی ایٹ پروفیسر، کیمسٹری) کو رجسٹرار (BPS-20) کا اضافی چارج جبکہ پروفیسر ڈاکٹر حنا علی (پروفیسر اکنامکس) کو کنٹرولر امتحانات (BPS-20) کا اضافی چارج یکم جولائی 2026 سے تین ماہ کے لیے یا مستقل تقرری تک، جو بھی پہلے ہو، سونپ دیا گیا ہے۔ نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ اس سے قبل ڈاکٹر طاہرہ یونس کو دیئے گئے خزانچی کے اضافی فرائض 30 جون 2026 کو مکمل ہو رہے تھےجبکہ ڈاکٹر دیبا شہوار اور ڈاکٹر عابدہ عزیز رجسٹرار اور کنٹرولر امتحانات کے اضافی فرائض تین ماہ سے زائد عرصے سے انجام دے رہی تھیں۔ مزید کہا گیا ہے کہ چانسلر/گورنر پنجاب کی ہدایات کے مطابق اضافی چارج ابتدائی طور پر تین ماہ کے لیے دیا جا سکتا ہے، جس میں زیادہ سے زیادہ چھ ماہ تک توسیع ممکن ہے، تاہم ایک ہی افسر کو چھ ماہ سے زیادہ اضافی چارج نہیں دیا جا سکتا۔ اسی بنیاد پر یونیورسٹی انتظامیہ نے نئے اضافی چارجز تفویض کرتے ہوئے ڈاکٹر دیبا شہوار سے رجسٹرار اور ڈاکٹر عابدہ عزیز سے کنٹرولر امتحانات کا اضافی چارج فوری طور پر واپس لے لیا ہے۔ یہ تقرریاں خواتین یونیورسٹی ملتان ایکٹ 2010 کے تحت وائس چانسلر کو حاصل اختیارات کے مطابق عمل میں لائی گئی ہیں اور ان اضافی ذمہ داریوں کے عوض متعلقہ افسران کو کوئی اضافی مالی مراعات نہیں دی جائیں گی۔

شیئر کریں

:مزید خبریں