وزیراعلیٰ پنجاب کا طلبہ کے لیے آسان اقساط پر ای بائیکس دینے کا فیصلہ

لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے طلبہ و طالبات کے لیے آسان اور بلاسود اقساط پر ای بائیکس فراہم کرنے کا بڑا فیصلہ کرتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ ایک سال کے دوران ایک لاکھ الیکٹرک بائیکس تقسیم کی جائیں گی، جبکہ حکومت ہر بائیک پر 70 ہزار روپے سبسڈی بھی دے گی۔
وزیراعلیٰ پنجاب کی زیر صدارت ٹرانسپورٹ اینڈ ماس ٹرانزٹ ڈیپارٹمنٹ کے اجلاس میں صوبے میں ماحول دوست ٹرانسپورٹ کے فروغ، الیکٹرک بسوں، ای ٹیکسیوں، ای بائیکس، ای تھری وہیلرز، ماس ٹرانزٹ منصوبوں اور مقامی مینوفیکچرنگ انڈسٹری سے متعلق مختلف منصوبوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں بتایا گیا کہ پنجاب میں گرین ٹرانسپورٹ کے فروغ کے لیے آئندہ پانچ برسوں میں مرحلہ وار 5 ہزار الیکٹرک بسیں عوامی خدمت کے لیے سڑکوں پر لائی جائیں گی، جبکہ مختلف شہروں میں ای ٹیکسی، ای بائیکس اور ای تھری وہیلرز بھی متعارف کرائے جائیں گے۔
مریم نواز شریف نے کہا کہ پنجاب میں الیکٹرک بسوں کی مینوفیکچرنگ انڈسٹری کا آغاز ایک اہم کامیابی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ صوبہ اب صرف الیکٹرک بسیں استعمال نہیں کر رہا بلکہ ان کی مقامی سطح پر تیاری بھی شروع ہو چکی ہے، جو صنعتی ترقی کی جانب اہم پیش رفت ہے۔
اجلاس میں طلبہ کے لیے ای بائیک اسکیم کی تفصیلات بھی پیش کی گئیں، جس کے مطابق ہر ای بائیک پر حکومت 70 ہزار روپے سبسڈی فراہم کرے گی۔ طلبہ کو صرف 14 ہزار روپے بطور ڈاؤن پیمنٹ جمع کرانا ہوں گے، جبکہ باقی رقم 2,100 روپے ماہانہ بلاسود اقساط میں ادا کی جائے گی۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے طالبات کے لیے خصوصی رعایت کا بھی اعلان کیا۔ ان کے مطابق طالبات کی ای بائیکس کی ڈاؤن پیمنٹ اور رجسٹریشن فیس حکومت ادا کرے گی، جبکہ انہیں بھی صرف 2,100 روپے ماہانہ کی آسان بلاسود قسط ادا کرنا ہوگی۔ اس کے علاوہ پنجاب کے سرکاری ملازمین کو بھی آسان اقساط پر ای بائیکس فراہم کی جائیں گی۔
اجلاس میں بتایا گیا کہ پہلے مرحلے میں پنجاب کی 91 تحصیلوں میں 1,500 الیکٹرک بسیں چلائی جائیں گی۔ گوجرانوالہ، گجرات، راولپنڈی، ملتان، ساہیوال، بہاولپور، ڈی جی خان، فیصل آباد اور سرگودھا ڈویژنز اس منصوبے میں شامل ہوں گے۔
بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ مختلف اضلاع میں مزید الیکٹرک بسیں جلد آپریشنل کی جائیں گی، جبکہ 10 جولائی سے متعدد نئی بسوں کا آغاز متوقع ہے۔ اس کے علاوہ مختلف شہروں کے لیے مزید سینکڑوں بسیں بھی مرحلہ وار پنجاب پہنچائی جا رہی ہیں۔
اجلاس میں گوجرانوالہ اور فیصل آباد ماس ٹرانزٹ منصوبوں پر جاری پیش رفت کا بھی جائزہ لیا گیا۔ حکام نے بتایا کہ دونوں منصوبوں پر تعمیراتی سرگرمیاں تیزی سے جاری ہیں اور مختلف اسٹیشنز، روٹس اور ڈپو پر کام مقررہ رفتار سے مکمل کیا جا رہا ہے۔
وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے ہدایت کی کہ تمام ترقیاتی منصوبوں کے دوران حفاظتی اقدامات کو یقینی بنایا جائے، جبکہ جہاں الیکٹرک بسوں کی تعداد کم ہے وہاں مزید بسیں فراہم کی جائیں تاکہ عوام کو بہتر سفری سہولیات میسر آ سکیں۔

شیئر کریں

:مزید خبریں