بہاولپور(تحصیل رپورٹر) محکمہ جنگلات نیشنل پارک لال سونہارا سب ڈویژن لال سونہارا کے رینج آفیسر افتخار حسین پر مبینہ طور پر ڈائریکٹ سپلائی لگا کر بجلی چوری کرنے کا الزام میپکو سٹلائیٹ ٹاؤن سب ڈویژن بہاولپور کے سب ڈویژنل آفیسر محمد علیم مصطفیٰ نے کارروائی کرتے ہوئے مقدمہ کے اندراج کے لیے مقامی تھانہ عباس نگر میں استغاثہ بھجوا دیا۔ذرائع کے مطابق میپکو کی بجلی چوری کے خلاف جاری مہم کے دوران چیکنگ میں مبینہ طور پر یہ انکشاف ہوا کہ رینج آفیسر افتخار حسین بجلی کا میٹر استعمال کرنے کے بجائے ڈائریکٹ سپلائی کے ذریعے بجلی استعمال کر رہے تھے۔ جس پر میپکو ٹیم نے موقع پر کارروائی کرتے ہوئے بجلی چوری کی رپورٹ مرتب کی اور قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا۔ایس ڈی او محمد علیم مصطفیٰ نے پولیس کو بھیجے گئے استغاثہ میں مؤقف اختیار کیا ہے کہ متعلقہ شخص کے خلاف بجلی چوری کے قانون کے تحت مقدمہ درج کر کے قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے۔ پولیس نے استغاثہ وصول کر کے مزیدکارروائی شروع کر دی ہے۔واضح رہے کہ میپکو کی جانب سے بجلی چوری کے خلاف جاری خصوصی مہم کے دوران سرکاری و نجی اداروں کے افسران سمیت کسی کے ساتھ امتیازی سلوک نہیں کیا جا رہا اور قانون کے مطابق کارروائیاں جاری ہیں۔







