چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کراچی میں رینجرز کے کیمپ پر ہونے والے حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ عالمی سفارتی محاذ پر پاکستان کو ملنے والی غیر معمولی پذیرائی دشمن عناصر کو ہضم نہیں ہو رہی۔
ترجمان بلاول ہاؤس کے مطابق بلاول بھٹو نے حملے کے دوران دہشت گردوں کو مؤثر کارروائی کے ذریعے ہلاک کرنے پر سیکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہا۔ انہوں نے فائرنگ کے تبادلے میں تین اہلکاروں کی شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار بھی کیا۔
بلاول بھٹو نے شہید اہلکاروں کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے ان کے اہل خانہ سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ قوم اپنے شہداء کی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھے گی۔
اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ کراچی میں رینجرز کے کیمپ پر ہونے والا بزدلانہ حملہ اس بات کا ثبوت ہے کہ عالمی سطح پر سفارتی میدان میں پاکستان کی تاریخی کامیابیاں اور مثبت پذیرائی دشمن کو برداشت نہیں ہو رہی۔ ان کا کہنا تھا کہ پوری پاکستانی قوم وطن کے دفاع، امن کے قیام اور دشمن کے ناپاک عزائم کو ناکام بنانے کے لیے متحد اور پرعزم ہے۔







