ملتان (جنرل رپورٹر)ایم پی اے سلمان نعیم نےپنجاب اسمبلی میں سانحۂ مری کے متاثرین کی مالی امداد، و ہاڑی روڈ کی توسیع اور تعلیمی اداروں کی تعمیرِ نو کا مطالبہ کردیا ۔رکن پنجاب اسمبلی سلمان نعیم نے پنجاب اسمبلی کے اجلاس میں اظہارِ خیال کرتے ہوئے سانحۂ مری کے متاثرین کے لیے خصوصی مالی امداد اور زخمیوں کے علاج معالجے کے اخراجات حکومت پنجاب کی جانب سے برداشت کرنے کا مطالبہ کیا۔انہوں نے کہا کہ سانحۂ مری ایک انتہائی افسوسناک اور دلخراش واقعہ ہے جس میں کئی خاندان شدید متاثر ہوئے ہیں۔ بعض خاندانوں کے متعدد افراد جاں بحق ہوئے جبکہ کئی زخمی اب بھی مختلف ہسپتالوں میں زیرِ علاج ہیں۔ سلمان نعیم نے صوبائی وزیر خزانہ میاں مجتبیٰ شجاع الرحمان سے مطالبہ کیا کہ سوتری وٹ ملتان کے رہائشی متاثرہ خاندانوں کی فوری مالی معاونت کی جائے اور زخمیوں کے علاج معالجے کے تمام اخراجات حکومت اپنے ذمہ لے تاکہ متاثرین کے دکھوں میں کچھ کمی لائی جا سکے۔اس موقع پر صوبائی وزیر خزانہ میاں مجتبیٰ شجاع الرحمان نے سلمان نعیم کو یقین دہانی کرائی کہ حکومت اس معاملے پر ہمدردانہ غور کرے گی اور متاثرین کی ممکنہ امداد کے لیے اقدامات کیے جائیں گے۔سلمان نعیم نے اپنے خطاب میں ملتان کے اہم و ہاڑی روڈ کی توسیع کا مطالبہ بھی کیا۔ انہوں نے کہا کہ بی سی جی چوک سے ڈبل پھاٹک تک روڈ کو دو رویہ اور کشادہ کیا جائے تاکہ غلہ منڈی ، ٹمبر مارکیٹ اور دیگر تجارتی مراکز میں آنے جانے والے شہریوں کو درپیش ٹریفک مسائل میں کمی لائی جا سکے۔انہوں نے مزید کہا کہ ملتان میں 26 ارب روپے کی لاگت سے جاری سیوریج منصوبہ علاقے کی ترقی کے لیے اہم سنگِ میل ثابت ہوگا۔ ساتھ ہی انہوں نے علاقے کے 30 سے 40 سال پرانے سرکاری سکولوں کی شکستہ حال عمارتوں کو مسمار کرکے جدید سہولیات سے آراستہ نئی عمارتیں تعمیر کرنے کا مطالبہ بھی کیا تاکہ طلبہ کو بہتر تعلیمی ماحول میسر آ سکے۔سلمان نعیم نے کہا کہ عوامی مسائل کا حل اور بنیادی سہولیات کی فراہمی حکومت کی اولین ذمہ داری ہے اور وہ اپنے حلقے کے عوام کے مسائل ہر فورم پر بھرپور انداز میں اجاگر کرتے رہیں گے۔







