تازہ ترین

ملتان: کتا مارمہم، ایک لاکھ دس ہزار کی ایک گولی، ڈھائی کروڑ کے فرضی بلوں پر تحقیقات

ملتان (سہیل چوہدری سے)کتے مار مہم میں دو کروڑ 45 لاکھ روپے کی مبینہ کرپشن، اسسٹنٹ ڈائریکٹر اور سیکرٹریز کے خلاف انکوائری شروع کردی گئی۔محکمہ لوکل گورنمنٹ ملتان میں کتے مار مہم کے نام پر مبینہ طور پر دو کروڑ 45 لاکھ 80 ہزار روپے کی خورد برد کا انکشاف ہوا ہے۔ اسسٹنٹ ڈائریکٹر ملتان سٹی ذوالقرنین حیدر جن کے پاس ڈپٹی ڈائریکٹر کا اضافی چارج بھی ہے انہوںنے سیکرٹری یونین کونسل 39 خواجہ رفیق کے ساتھ مبینہ ملی بھگت کر کے فرضی بل پاس کروا کر سرکاری خزانے کو بھاری نقصان پہنچایا ۔ذرائع کے مطابق جن کمپنیوں کے فرضی بل محکمہ میں پاس ہوئے ہیں ان میں حامد محمود اینڈ کمپنی، بابر بلڈر اور الممتاز انٹرپرائزز شامل ہیں۔ یہ تینوں کمپنیاں مبینہ طور پر مختلف یونین کونسلز کے سیکرٹریز نے بنائی ہیں۔ حامد محمود اینڈ کمپنی سیکرٹری یونین کونسل 43 خلیل ثاقب کی ہے، بابر بلڈرز سیکرٹری یونین کونسل 124 ندیم احمد کی ہے جبکہ الممتاز انٹرپرائزز سیکرٹری یونین کونسل 11 راؤ خالد کی ہیں۔سیکرٹری یونین کونسل 39 خواجہ رفیق جو یونین کونسل 35 کا اضافی چارج بھی رکھتے ہیں، نے مذکورہ کمپنیوں کے فرضی بل محکمہ لوکل گورنمنٹ میں جمع کروا کر کروڑوں روپے نکلوا لیے۔یونین کونسل35 سے لاکھ 80 80ہزار 39 روپے کے بل پاس کروائے گئے۔· یونین کونسل 39 گلنار کالونی سے ایک کروڑ 65 لاکھ روپے کے جعلی بل پاس کروائے گئے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ فی گولی ایک لاکھ دس ہزار روپے کے حساب سے بل پاس کروائے گئے جبکہ حقیقی اخراجات اس کے ایک معمولی حصے سے بھی کم تھے۔سیکرٹری لوکل گورنمنٹ پنجاب کو جب اس کرپشن کی اطلاع ملی تو انہوں نے فوری طور پر انکوائری کا حکم دے دیا۔ ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ فیصل آباد کو انکوائری آفیسر مقرر کر دیا گیا ہےجنہوں نے معاملے کی چھان بین شروع کر دی ہے۔واضح رہے کہ اس سے قبل بھی صوبہ پنجاب میں آوارہ کتوں کے خلاف مہمات میں کرپشن کے واقعات سامنے آ چکے ہیں۔ لاہور ہائی کورٹ نے حال ہی میں کتا مار مہم کے خلاف حکم امتناع جاری کرتے ہوئے مہم فوری طور پر روکنے کا حکم دیا تھا، فیصل آباد اور جھنگ میں ضلعی انتظامیہ کے خلاف بھی پالیسی کی خلاف ورزی پر قانونی کارروائی متوقع ہے۔ذرائع کے مطابق انکوائری میں مزید اہم انکشافات ہو سکتے ہیں اور ملوث افسران کے خلاف سخت کارروائی کی توقع ہے۔

شیئر کریں

:مزید خبریں