تازہ ترین

سابق تحصیل ناظم رفیق کھر فیملی کا 50 کروڑ کی جائیداد پر قبضہ، بیوہ پر زندگی تنگ

ملتان(قوم انویسٹی گیشن سیل) پی ٹی آئی سے تعلق رکھنے والے ضلع کوٹ ادو کے بدنام قبضہ مافیا نے مسلم لیگ کے دور حکومت میں سنا نواں کے ایک اعلیٰ تعلیم یافتہ خاندان پر کھلے عام مسلم لیگی امیدوار رکن صوبائی اسمبلی شان گورمانی کو ووٹ دینے اور سپورٹ کرنے پر زمین تنگ کر دی۔پچاس کروڑ مالیتی جائیداد پر قبضہ کرکے کوڑی کوڑی کا محتاج کر دیا اور بات یہاں پر ختم نہ ہوئی بلکہ تین انجینئرز اور ایک ڈاکٹر بیٹے کی بیوہ والدہ پر پولیس مقابلے کا جھوٹا مقدمہ درج کروا کر 66 سالہ بیوہ عورت کو جیل بھجوا دیا ۔ ضلع کوٹ ادو میں ظلم ڈھانے والےخاندان میںمرحوم تحصیل ناظم کوٹ ادو ملک رفیق کھر مرحوم کی بیوہ حلیمہ کھر، بیٹا علی رضا کھر، محسن کھر اور ان کا پالتو غنڈہ ریاض ولد غلام رسول شامل ہے جو کہ تھانہ سنانواں کے دس سے زائد مقدمات کا ریکارڈ ہولڈر ہے۔اس تمام صورتحال کاسب سے افسوس ناک امر یہ ہے کہ کوٹ ادو کی انتظامیہ ہائی کورٹ کے احکامات پر عمل درآمد بھی نہیں کر رہی، نہ ہی سنانواں کے موضع پتی غلام علی کا اشتمال اور بندوبست ہونے دے رہی ہے اور نہ ہی اس موضع کو کمپیوٹرائز ہونے دیا جا رہا ہے کیونکہ دو پٹواریوں مظہر اور جہانگیر جبکہ سابقہ نائب تحصیلدار مہروش کھوسہ کی ملی بھگت سے اسی علاقے میں 1832 کنال سرکاری اراضی پر یہی کھر خاندان قابض ہے اور جس رقبے پر رفیق کھر مرحوم کی بیوہ اور بچے قابض ہیں وہ اس سرکاری رقبے سے ملحقہ ہے اور مین ہائی وے پر ہونے کی وجہ سے اس کی مالیت سات کروڑ فی ایکڑ ہے جبکہ اس بیوہ خاتون بھاواں بی بی کی موقع پر سات ایکڑ اور 15 مرلے اراضی ہے جس کا تین ایکڑ کا فرنٹ مین روڈ سے ملحقہ ہے جو کھرخاندان کو ہضم نہیں ہو رہا۔ یاد رہے کہ رفیق کھر مرحوم نے اپنی زندگی میں ملتان پبلک سکول روڈ پر بھی ایک عالی شان کوٹھی پر ناجائز قبضہ کر رکھا تھا اور اس کوٹھی کا مالک قبضہ واپس لینے کے لیے کئی سال تک دھکے کھاتا رہا۔ علاقہ مکینوں نے روزنامہ قوم کو بتایا کہ اس خاتون نے بیوگی کے باوجود اپنے چھ بچوں کو اعلیٰ ترین دلوائی اور اب کھر خاندان کے ڈر سے وہ اپنے بچوں کو لے کر گزشتہ 20 سال سے لاہور منتقل ہو چکی ہے مگر اسے آئے روز مقدمات کی پیروی کرنے کے لیے یہاں آنا پڑتا ہے اسی لیے اس کی زندگی کو شدید خطرہ ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ یہ کھر خاندان ہمیشہ سے پٹواریوں کو منہ مانگے داموں خرید کر رکھتاہے اور تحصیل کوٹ ادو میں اس خاندان کے متعدد اراضیوں پر قبضے ہیں۔ بتایا گیا ہے کہ سابق ڈپٹی کمشنر کوٹ ادو منور عباس بخاری نے میرٹ پر فیصلہ کرتے ہوئے بھاواں بی بی کو قبضہ واپس دلوا دیا تھا اور قبضہ مافیا کو ناکوں چنے چبوا دیئے تھے مگر منور عباس بخاری کے ٹرانسفر کے بعد چند ماہ قبل موجودہ انتظامیہ کے ہوتے ہوئے کھر خاندان پر مشتمل قبضہ مافیا نے دوبارہ مذکورہ اراضی پر قبضہ کر لیا۔

شیئر کریں

:مزید خبریں