رحیم یارخان: ضلع کونسل کرپشن سکینڈل،”قوم” کی نشاندہی پراعلیٰ سطحی انکوائری کا فیصلہ

رحیم یارخان(بیورو رپورٹ)ضلع کونسل کرپشن اسکینڈل،”قوم”میں خبروں کی اشاعت پراعلیٰ حکام اور قانون نافذ کرنیوالے ادارے حرکت میں آگئےدسمبر 2025ء کو ضلع کونسل میں 57 ترقیاتی اسکیموں کی انسپکشن کروانے کا فیصلہ ،ایکسین ،سب انجینئرز کے پاؤں جلنے لگے،کروڑوں کے ترقیاتی اسکیموں میں کروڑوں کی کرپشن ،کمیشن،ادھورے منصوبہ جات،ٹھیکیداروں سے ملی بھگت،ستارہ انٹر پرائزز کے نام پر الاٹ ہونیوالے ٹھیکوں پر تفصیلی رپورٹ مرتب کئے جانے کا امکان،اعلیٰ تحقیقاتی ٹیم آئندہ چند روز میں لاہور سے رحیم یارخان پہنچے گی،اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ پنجاب کو بھی سورس رپورٹ موصول ہوگئی،عنقریب کاروائی کئے جانے کا امکان۔تفصیل کے مطابق ضلع کونسل رحیم یارخان میں 4 دسمبر 2025ء کو وزیر اعلیٰ پنجاب کے احکامات پر ضلع بھر ترقیاتی کاموں کیلئے 57 ترقیاتی اسکیموں کے ٹینڈرز ہوئےجن میں تحصیل رحیم یارخان کی 14 ترقیاتی اسکمیں بھی شامل تھی جس کے بیشتر منصوبے ایکسین یاسر امین نے کماؤپتر سب انجینئر عدیل شہزاد کے بھائی تنزیل شہزاد کے نام سے بنائی گئی نام فرم ستارہ انٹرپرائزز کو الاٹ کردئیے۔ذرائع نے یہ بھی انکشاف کیا ہے کہ صرف تحصیل رحیم یارخان میں ہونیوالی 20کروڑ90 لاکھ روپے کی 14 ترقیاتی اسکیموں میں کروڑوں روپے کی کرپشن کی گئی ہے،14 ترقیاتی اسکیموں کے سب انجینئر عدیل شہزاد،محمد جہانگیر اور جام بشیر نے سپر ویژن کی 14 میں سے 9 ترقیاتی اسکیموں کو ناقص اور غیر معیاری میٹریل کا استعمال کرکے مکمل کیا جبکہ ستارہ انٹر پرائزز کو ملنے والے بیشتر ٹھیکے آج بھی نامکمل ہیں جن میں سڑکوں کی تعمیر،ٹف ٹائل،سولنگ،پینے کے صاف پانی کے منصوبے شامل ہیں۔ذرائع نے یہ بھی انکشاف کیا ہے کہ سب انجینئر جام بشیر انہیں ترقیاتی اسکیموں میں کرپشن اور کمیشن وصول کرنے کے الزامات میں معطل ہو چکا ہے اور جس نے ایکسین یاسر امین کے ذریعے سابق چیف آفیسر ضلع کونسل کو لاکھوں روپے چمک دیکر دوبارہ بحالی کروائی اور ڈیرہ غازیخان تبادلہ کروا لیا،سابق چیف افسر ضلع کونسل چوہدری شفیق کے ریٹائرڈ ہوتے ہی نصر اللہ ملک نے چیف آفیسر ضلع کونسل کا چارج سنبھال لیا تو سب انجینئر جام بشیر نے دوبارہ رحیم یارخان میں میونسپل کمیٹی میں ٹرانسفر کروا لیا،ذرائع نے بتایا کہ “قوم”کی نشاندہی اور حقائق پر مبنی خبروں کی اشاعت پر اعلیٰ حکام اور قانون نافذ کرنیوالے ادارے حرکت میں آگئے ہیں ،جنہوں نے دسمبر 2025ء میں ضلع کونسل میں ہونیوالے 57 اسکیموں کے ٹینڈر،ورک آرڈرز،کرپشن،کمیشن اور ادھورے منصوبہ جات سمیت سب انجینئر عدیل شہزاد کے بھائی تنزیل شہزاد کے نام پر بنائی گئی فرم ستارہ انٹر پرائزز کو الاٹ ہونیوالے منصوبہ جات کی انسپکشن کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے،ذرائع نے بتایا کہ اعلیٰ تحقیقاتی ٹیم آئندہ چند روز میں لاہور سے رحیم یارخان پہنچے گی اور ضلع کونسل کے بجٹ سے شروع ہونیوالے تمام ترقیاتی اسکیموں کا وزٹ کریگی اور رپورٹ مرتب کرکے وزیر اعلیٰ پنجاب،چیف سیکرٹری پنجاب،کمشنر بہاولپور،ڈپٹی کمشنررحیم یارخان کو ارسال کریگی،ذرائع نے یہ بھی بتایا کہ انٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ پنجاب کو بھی ضلع کونسل رحیم یارخان میں ہونیوالی کرپشن،رشوت خوری کی سورس رپورٹ موصول ہو چکی ہےجس پر بہت جلد کاروائی کئے جانے کا امکان ظاہر کیا جارہا ہے،دوسری جانب اعلیٰ حکام کی تحقیقاتی ٹیم کے رحیم یارخان پہنچنے کی خبر نے ضلع کونسل کے ایکسین یاسرامین،سب انجینئرزعدیل شہزاد،محمد جہانگیر اور جام بشیر کے پاؤں جلنے لگے ہیں اور وہ اپنی نوکری اور کرپشن کو چھپانے کیلئے ہاتھ پاؤں مار رہے ہیں۔اس حوالے سے جب موقف جاننے کیلئے چیف افسر ضلع کونسل نصر اللہ ملک سے رابطہ کیا گیا تو انہوں نے کہا کہ وہ معاملہ کو باریکی سے دیکھ کر حتمیٰ رپورٹ آنے کے بعد اعلیٰ حکام کی مشاورت سے میڈیا کو تفصیلات سے آگاہ کیا جائیگا جبکہ ایکسین ضلع کونسل یاسر امین،سب انجینئرز عدیل شہزاد،محمد جہانگیر اور جام بشیر نے الزامات کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ رحیم یارخان کی 14 ترقیاتی اسکیموں میں تمام ترقیاتی کام میرٹ کو مد نظر رکھتے ہوئے کروائے گئے ہیں ۔

شیئر کریں

:مزید خبریں