پاکستان میں فیس بک کے ذریعے ڈالرز میں آمدن حاصل کرنا پہلے نسبتاً مشکل سمجھا جاتا تھا، تاہم فیس بک کی نئی اپڈیٹ کے بعد متعدد صارفین کے لیے یہ عمل پہلے سے کہیں زیادہ آسان ہو گیا ہے۔
دنیا بھر میں لاکھوں افراد فیس بک کا استعمال کرتے ہوئے کانٹینٹ کریئیشن اور فری لانسنگ کے ذریعے نمایاں آمدن حاصل کر رہے ہیں، لیکن بہت سے صارفین مونیٹائزیشن ٹول تک رسائی نہ ہونے کی وجہ سے اس سہولت سے فائدہ نہیں اٹھا پاتے تھے۔
فیس بک پر کمائی کا آغاز کرنے کے لیے کانٹینٹ مونیٹائزیشن ٹول کو فعال کرنا ضروری ہوتا ہے۔ اس مقصد کے لیے کمپنی مختلف اوقات میں مخصوص شرائط اور اہداف مقرر کرتی رہی ہے۔

ماضی میں صارفین کو مونیٹائزیشن کے لیے 10 ہزار فالوورز اور 60 لاکھ منٹس کا واچ ٹائم مکمل کرنا پڑتا تھا، تاہم اب بعض اکاؤنٹس اور پیجز کے لیے یہ معیار آسان کر دیا گیا ہے۔
تازہ اپڈیٹ کے مطابق اگر کوئی صارف 28 دن کے اندر اپنے پیج پر 3 لاکھ ویوز حاصل کر لیتا ہے تو اسے کانٹینٹ مونیٹائزیشن ٹول تک رسائی مل سکتی ہے، جس کے بعد وہ ڈالرز میں کمائی شروع کر سکتا ہے۔
ماہرین کے مطابق 28 دنوں میں 3 لاکھ ویوز کا ہدف قابلِ حصول ہے، تاہم اس کے ساتھ فیس بک کی تمام کمیونٹی گائیڈ لائنز اور دیگر پالیسیوں پر عمل کرنا بھی ضروری ہوگا۔
واضح رہے کہ یہ نئی سہولت ابھی تمام فیس بک اکاؤنٹس اور پیجز پر دستیاب نہیں ہوئی اور صرف منتخب صارفین کو یہ آپشن فراہم کیا جا رہا ہے۔







