ڈیرہ میں رود کوہیوں نے تباہی مچا دی، متعدد بستیاں شدید متاثر، پانی گھروں میں داخل

ڈیرہ غازی خان (ڈ سٹرکٹ رپورٹر ) ڈیرہ غازی خان کے مختلف علاقوں میں حالیہ سیلابی صورتحال کے باعث متعدد بستیاں شدید متاثر ہو گئی ہیں۔ بستی وڈور، بستی لغاری، بستی ڈومب اور دیگر نشیبی علاقوں میں داخل ہونے والےرودکوہیوں کے سیلابی پانی نے گھروں، فصلوں اور دیگر املاک کو بڑے پیمانے پر نقصان پہنچایا ہے۔ متعدد مکانات کی دیواریں اور کمرے گر گئے جبکہ کئی خاندانوں کو اپنے گھروں سے نکل کر محفوظ مقامات پر منتقل ہونا پڑا۔متاثرہ علاقوں کے رہائشیوں کے مطابق سیلابی پانی اچانک آبادیوں میں داخل ہوا جس کے باعث لوگوں کو اپنے گھروں سے ضروری سامان نکالنے کے لیے بہت کم وقت ملا۔ شہریوں نے اپنی مدد آپ کے تحت گھریلو سامان، مویشیوں اور دیگر قیمتی اشیاء کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا۔ کئی علاقوں میں لوگ کشتیوں اور ٹریکٹروں کی مدد سے نقل مکانی کرتے رہے جبکہ خواتین، بچوں اور بزرگوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔مقامی افراد کا کہنا ہے کہ سیلابی پانی کے باعث سینکڑوں ایکڑ پر کھڑی فصلیں تباہ ہو چکی ہیں جس سے کسانوں کو بھاری مالی نقصان پہنچا ہے۔ گندم، چارہ اور دیگر فصلیں پانی میں ڈوبنے کے باعث مکمل طور پر متاثر ہوئی ہیں۔ کسانوں نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ فصلوں کی تباہی سے ان کے معاشی مسائل میں مزید اضافہ ہوگا اور انہیں اپنی روزمرہ ضروریات پوری کرنے میں مشکلات پیش آئیں گی۔متاثرین نے شکایت کی کہ انتظامیہ کی جانب سے اب تک مؤثر ریلیف سرگرمیاں دیکھنے میں نہیں آئیں۔ ان کا کہنا تھا کہ کئی متاثرہ علاقوں میں نہ تو باقاعدہ ریلیف کیمپ قائم کیے گئے ہیں اور نہ ہی خوراک، پینے کے صاف پانی، ادویات اور دیگر بنیادی ضروریات کی فراہمی کو یقینی بنایا گیا ہے۔

شیئر کریں

:مزید خبریں