اسلام آباد: نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ حکومت پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کر رہی ہے، جس سے عوام کو ریلیف فراہم کیا جائے گا۔
صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے اسحاق ڈار نے بتایا کہ محرم الحرام کے باعث ایران کے ساتھ دوسرے مرحلے کے مذاکرات میں تاخیر ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جولائی کے پہلے ہفتے میں شہید آیت اللہ خامنائی کی تدفین کی تقریب بھی متوقع ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ مذاکراتی عمل میں کسی قسم کی رکاوٹ پیدا نہیں ہوئی۔ ان کا کہنا تھا کہ جب ایرانی صدر نے معاہدے پر دستخط کر دیے تو اس کے بعد سوئٹزرلینڈ جانے کی ضرورت باقی نہیں رہی۔
اسحاق ڈار نے مزید بتایا کہ دوسرے مرحلے کے مذاکرات ساٹھ روز کے اندر مکمل کیے جائیں گے، جبکہ سوئٹزرلینڈ میں موجود پاکستانی حکام کو واپس بلانے کا فیصلہ بھی کر لیا گیا ہے۔
انہوں نے ایک بار پھر کہا کہ حکومت پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کرنے جا رہی ہے تاکہ عوام کو ممکنہ ریلیف فراہم کیا جا سکے۔







