اسلام آباد: قومی اسمبلی کے اجلاس کے دوران حکومت اور اپوزیشن کے درمیان غیر معمولی سیاسی رابطے دیکھنے میں آئے، جہاں وزیراعظم شہباز شریف نے مفاہمتی طرزِ عمل اختیار کرتے ہوئے اپوزیشن رہنماؤں سے ملاقاتیں اور اہم قومی معاملات پر مشاورت کی۔
اجلاس میں شرکت کے بعد وزیراعظم شہباز شریف خود اپوزیشن لیڈر محمود خان اچکزئی اور چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر کی نشستوں تک گئے اور ان سے مصافحہ کیا۔
بعد ازاں اپنے خطاب کے دوران وزیراعظم نے ایران اور امریکہ سے متعلق موجودہ صورتحال پر قومی یکجہتی کی ضرورت پر زور دیا اور اس حوالے سے متفقہ قرارداد لانے کی تجویز پیش کی۔
خطاب مکمل ہونے کے بعد وزیراعظم ایک مرتبہ پھر اپوزیشن بینچوں پر پہنچے، جہاں انہوں نے محمود خان اچکزئی، بیرسٹر گوہر اور اسد قیصر سے تفصیلی گفتگو کی۔
اس موقع پر اپوزیشن رہنماؤں نے اپنے مطالبات وزیراعظم کے سامنے پیش کیے جبکہ وزیراعظم نے کچھ دیر ان کے ساتھ کھڑے ہو کر مختلف امور پر مشاورت کی۔
ملاقات کے اختتام پر وزیراعظم نے وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کو اپنے پاس بلا کر ضروری ہدایات جاری کیں۔ دوسری جانب وزیر دفاع خواجہ آصف نے بھی اپوزیشن رہنماؤں سے ملاقات کی جبکہ رانا ثناء اللہ نے بھی اپوزیشن قیادت کے ساتھ تبادلہ خیال کیا۔







