وکٹوریہ ہسپتال، عملہ کی مبینہ غفلت سے نومولود کا بازو فریکچر ہوگیا

بہاولپور( ڈپٹی بیورو چیف)وکٹوریہ ہسپتال بہاولپور میں دورانِ زچگی ایک نومولود بچی کی بازو فریکچر ہونے کا واقعہ سامنے آیا ہے، جس پر اہل خانہ نے طبی عملے کی مبینہ غفلت پر شدید تحفظات کا اظہار کیا ہے۔متاثرہ خاندان کے مطابق 11 سال بعد ان کے گھر بیٹی کی پیدائش ہوئی، تاہم خوشی کا یہ موقع اس وقت تشویش میں بدل گیا جب معلوم ہوا کہ نومولود بچی کی بازو کی ہڈی ٹوٹ گئی ہے۔ اہل خانہ کا الزام ہے کہ ڈلیوری کے دوران غیر ضروری زور آزمائی اور نامناسب طریقہ کار اختیار کرنے کے باعث بچی کا بازو ٹوٹا ۔متاثرہ خاتون کا کہنا ہے کہ لیبر روم میں موجود عملہ اور ڈاکٹرز زچگی کے دوران غیر ضروری دباؤ ڈالتے رہے، جبکہ شدید تکلیف کے باوجود انہیں مناسب طبی سہولیات فراہم نہیں کی گئیں۔ ان کا مزید دعویٰ ہے کہ درد کم کرنے اور زچگی کے عمل کو محفوظ بنانے کے لیے ضروری طبی اقدامات بھی نہیں کیے گئے۔اہل خانہ نے واقعے کی شفاف تحقیقات کا مطالبہ کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب سے نوٹس لینے اور ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کرنے کی اپیل کی ہے۔دوسری جانب ہسپتال انتظامیہ کے مطابق نومولود بچی کو فوری طور پر پیڈز وارڈ منتقل کر کے علاج شروع کر دیا گیا ہے۔ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ متاثرہ بازو پر پلاسٹر کر دیا گیا ہے اور بچی کی حالت زیرِ نگرانی ہے جبکہ علاج جاری ہے، تحقیقات کے بعد اصل حقائق سامنے لائے جائیں گے ، اگر پیشہ ورانہ غفلت ہوئی تو قانون نافذ کرنیوالے والے اداروں کی طرف سے ایکشن لیا جائے گا۔

شیئر کریں

:مزید خبریں