ملتان(خصوصی رپورٹر) زکریا یونیورسٹی ملتان کا 2026 کا پہلا سینڈیکیٹ اجلاس آج ہو گا، سینڈیکٹ اجلاس میں کل 40 سے زائد اہم کیسز زیر غور لائے جائیں گے، جن میں یونیورسٹی کے انتظامی، تعلیمی، قانونی اور مالی معاملات شامل ہیں۔ ایجنڈے کے مطابق سب سے پہلے سینڈیکیٹ کے 3/2025 کے اجلاس کی کارروائی اور ان فیصلوں پر عمل درآمد کی رپورٹ پیش کی جائے گی۔ اس کے بعد وائس چانسلر ڈاکٹر محمد زبیر اقبال کی جانب سے سیکشن 16(3) اور 16(3a) کے تحت کیے گئے اقدامات پر غور کیا جائے گاجن میں پروفیسر ڈاکٹر محمد ریاض کو افیلی ایشن کمیٹی کا چیئرمین مقرر کرنا، پروفیسر ڈاکٹر احسن قادر کو شعبہ فاریسٹری اینڈ رینج مینجمنٹ کے چیئرمین کے عہدے سے ہٹا کر انہیں فوری طور پر معطل کرنا، افیلی ایشن کمیٹی (لا کالجز) کی تشکیل نو، فنانس اینڈ پلاننگ کمیٹی کے اجلاس (19 جنوری 2026) کی منظوری، طالب علم سہیل ایاز رانا کو اسکالرشپ کی منظوری اور مسٹر صفدر عباس خان کو وائس چانسلر کی منظوری سے چیک جاری کرنے کا اختیار دینا شامل ہیں۔ اجلاس میں عدالتی مقدمات کے حوالے سے لاہور ہائی کورٹ اور ملتان بنچ کے متعدد فیصلوں پر تفصیلی غور کیا جائے گا، جن میں ڈینز کی تعیناتی سے متعلق فرسٹ اسٹیٹیوٹ میں ترامیم کی منظوری کے لیے ہائیکورٹ کی ہدایات، قائداعظم یونیورسٹی اسلام آباد میں ٹی ٹی ایس فیکلٹی کی ترقی پر عہدوں کی تخلیق کا معاملہ، نیز ڈاکٹر محمد عمران قادر، ڈاکٹر محمد طاہر اشرف، محمد افضل، سلیم فخر، عابد محمود، ڈاکٹر محمد ممتاز خان اور ڈاکٹر محمد عابد سمیت متعدد فریقین کی درخواستوں پر لاہور ہائی کورٹ کے احکامات شامل ہیں۔ اس کے علاوہ اقر ا زینت، غلام حیدر، سیف اللہ، شہزاد یوسف، اقصیٰ ارم شہزادی خان، ڈاکٹر ابوذر عابد صدیقی، ڈاکٹر فریدہ یوسف، ڈاکٹر شہزاد احمد، جمیل احمد اور ڈاکٹر جنید ظفر کے مقدمات بھی ایجنڈے کا حصہ ہیں۔ ایک انتہائی اہم کیس غیرالحاق شدہ اور نام نہاد گھوسٹ لا کالجز کے ایل ایل بی (پانچ سالہ پروگرام) کے طلبہ کے نتائج کے اعلان سے متعلق ہے جس پر یونیورسٹی انتظامیہ کو فیصلہ کرنا ہے۔ صوبائی محتسب پنجاب کے احکامات پر بھی متعدد کیسز زیر بحث آئیں گے۔







