پی پی 272 : باسط سلطان بخاری کی عذرداری خارج، رانا عبدالمنان کامیابی برقرار

مظفرگڑھ( قوم نیوز)الیکشن ٹربیونل بہاولپور نے مظفرگڑھ کے پنجاب اسمبلی کے حلقہ پی پی 272 کے الیکشن کیخلاف امیدوار کی جانب سے دائر کی جانے والی انتخابی عذرداری ناقابل سماعت دیکر خارج کردی۔اس صوبائی حلقے سے ہارنے والے امیدوار مخدوم سید باسط سلطان بخاری نے فروری 2024ء کے انتخابات میں دھاندلی کے الزامات عائد کرتے ہوئے الیکشن ٹربیونل بہاولپور میں انتخابی عذرداری دائر کی تھی۔تفصیلات کیمطابق الیکشن ٹربیونل بہاولپور نے مظفرگڑھ کے صوبائی حلقہ پی پی 272 سے ہارنے والے امیدوار مخدوم باسط سلطان بخاری کی جانب سے دائر کردہ انتخابی عذرداری کی درخواست ناقابل سماعت قرار دیکر خارج کردی۔فیصلہ الیکشن ٹربیونل بہاولپور کے جسٹس (ر) ظفر اقبال چوہدری نے تحریر کیا۔فروری 2024ء کے انتخابات میں پی پی 272 سے رانا عبدالمنان ساجد آزاد حیثیت سے کامیاب ہوکر مسلم لیگ (ن) میں شامل ہوگئے تھے۔ہارنے والے امیدوار مخدوم سید باسط سلطان بخاری نے حلقے کے الیکشن میں بےضابطگیوں کے الزامات عائد کرکے الیکشن ٹربیونل میں انتخابی عذرداری دائر کی تھی۔ٹربیونل کی جانب سے جاری کیے گئے فیصلے کیمطابق اپنی انتخابی عذرداری کی درخواست میں پٹیشنر نے نہ تو انتخابی پراسیس میں ہونے والی انتخابی بدعنوانیوں یا غیرقانونی سرگرمیوں کی تفصیلات دیں نہ ہی متعلقہ پولنگ سٹیشنز کی نشاندہی کی اور نہ ہی ایسے غیرقانونی فعل کرنے والے افراد کی نشاندہی کی۔فیصلے کیمطابق انتخابی عذرداری کی درخواست کیساتھ جو 2 گواہوں کے حلف نامے لگائے گئے وہ بھی نہ صرف روایتی تھے بلکہ قانون کیمطابق تصدیق شدہ بھی نہیں تھےجبکہ پٹیشنر مخدوم سید باسط سلطان بخاری کی جانب سے دائر کی گئی درخواست پر کیے گئے دستخط نہ صرف پٹیشن کے دیگر صفحات پر کیے گئے دستخطوں سے مختلف تھےبلکہ وہ دستخط درخواست گزار کے شناختی کارڈز پر کیے گئے دستخط سے بھی مختلف تھے۔.فیصلے کیمطابق درخواست گزار کی جانب سے دائر کی گئی الیکشن پٹیشن،الیکشنز ایکٹ 2017ء کے مطابق نہیں ہے۔مخدوم باسط سلطان اپنے کیس کو ثابت کرنے میں ناکام رہے۔اس لیے انتخابی عذرداری کی درخواست ناقابل سماعت ہونے پر مسترد کی جاتی ہے۔

شیئر کریں

:مزید خبریں