انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے تازہ پلیئرز رینکنگ جاری کر دی ہے جس میں مختلف کھلاڑیوں کی پوزیشنز میں نمایاں تبدیلیاں دیکھنے میں آئی ہیں۔
ون ڈے بیٹنگ رینکنگ میں نیوزی لینڈ کے ڈیرل مچل بدستور پہلی پوزیشن پر براجمان ہیں، جبکہ بھارت کے ویرات کوہلی دوسرے اور افغانستان کے ابراہیم زادران تیسرے نمبر پر موجود ہیں۔ پاکستان کے کپتان بابراعظم چھٹے نمبر پر ہیں جبکہ سلمان آغا ٹاپ ٹین میں شامل ہوتے ہوئے دسویں پوزیشن پر پہنچ گئے ہیں۔
دیگر کھلاڑیوں میں بنگلا دیش کے توحید ہردوئے نے شاندار کارکردگی کے باعث پانچ درجے ترقی کرکے 27ویں پوزیشن حاصل کر لی ہے، جبکہ تنزید حسن بھی 14 درجے بہتری کے بعد 40ویں نمبر پر آگئے ہیں۔
ون ڈے بولنگ رینکنگ میں افغانستان کے راشد خان پہلی پوزیشن پر برقرار ہیں، جبکہ انگلینڈ کے جوفرا آرچر دوسرے نمبر پر موجود ہیں۔ آسٹریلیا کے ایڈم زمپا اور پاکستان کے ابرار احمد نے ایک ایک درجہ ترقی حاصل کرتے ہوئے بالترتیب دسویں اور گیارہویں نمبر پر جگہ بنا لی ہے۔ بنگلا دیش کے ارشاد حسین بھی 10 درجے بہتری کے ساتھ 60ویں پوزیشن پر آ گئے ہیں۔
ون ڈے آل راؤنڈر رینکنگ میں افغانستان کے عظمت اللہ عمرزئی سرفہرست ہیں۔ زمبابوے کے سکندر رضا ایک درجہ بہتری کے بعد دوسرے نمبر پر پہنچ گئے ہیں، جبکہ بنگلا دیش کے مہدی حسن میراز دو درجے تنزلی کے بعد چوتھی پوزیشن پر چلے گئے۔ راشد خان بھی دو درجے بہتری کے ساتھ پانچویں نمبر پر آ گئے ہیں۔







