کراچی میں پی ایس ایل 11 کا دوسرا مرحلہ آج سے شروع، شائقین کے لیے سنسنی خیز مقابلے متوقع

کراچی: پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 11 کا دوسرا مرحلہ آج سے نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں شروع ہو رہا ہے، جہاں تیاریوں کو آخری شکل دی جا رہی ہے۔ اس مرحلے میں 22 میچز کھیلے جائیں گے جن میں شائقین کے بغیر بھی چوکوں اور چھکوں کی بھرپور بھرمار متوقع ہے۔ میچز کے لیے مجموعی طور پر 8 وکٹیں تیار کی گئی ہیں۔
28 اپریل تک جاری رہنے والے میچز میں تجربہ کار اور نوجوان کھلاڑیوں کے امتزاج والی ٹیمیں ایک دوسرے کے مد مقابل ہوں گی، اور گرم موسم میں دلچسپ مقابلے دیکھنے کو ملیں گے۔ وکٹیں بیٹنگ کے لیے سازگار ہیں اور اسپنرز کو بھی مناسب مواقع میسر ہوں گے۔
پہلے روز لیگ میں شامل نئی فرنچائز حیدرآباد کنگزمین اور پشاور زلمی کی ٹیموں کے درمیان دلچسپ ٹاکرا متوقع ہے، جو شام 7 بجے شروع ہوگا۔ میچز کے پرامن انعقاد کے لیے سخت حفاظتی انتظامات کیے گئے ہیں۔
اسٹیڈیم میں بغیر چھت کے انکلوژرز کی صفائی مکمل کر دی گئی ہے، براڈکاسٹرز اپنی ذمہ داریاں سنبھال چکے ہیں اور جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے میچز کو شائقین کے لیے مزید دلچسپ بنایا جائے گا۔ نئی مرکزی عمارت پر پاکستان، پی سی بی، پی ایس ایل اور تمام 8 ٹیموں کے جھنڈے آویزاں کر دیے گئے ہیں۔
تمام ٹیموں کو وی آئی پی سیکیورٹی فراہم کی جائے گی اور شہریوں کی سہولت کے لیے خصوصی ٹریفک پلان مرتب کیا گیا ہے، تاہم شہر میں لیگ کے حوالے سے تشہیری مہم کم دیکھی گئی ہے۔ اسٹیڈیم کے اطراف میں کھلے ہوئے مین ہولز انتظامی خامی کے واضح ثبوت ہیں۔
جمعرات کو کھیلے جانے والے ڈبل ہیڈر میں پہلا میچ دفاعی چیمپئن لاہور قلندرز اور اسلام آباد یونائیٹڈ کے درمیان ہوگا، جبکہ کراچی کنگز پشاور زلمی کا سامنا کرے گی۔ مجموعی طور پر 22 میچز میں 6 ڈبل ہیڈرز اور 10 سنگل مقابلے شامل ہیں۔ ایونٹ کے اختتام پر 28 اپریل کو کوالیفائر میں ٹاپ ٹیم دوسری پوزیشن کی حامل ٹیم سے ٹکرائے گی۔

شیئر کریں

:مزید خبریں